حروف تہجی ، ایک آسان سوال کا مشکل جواب
دنیا میں جتنی بھی زبانیں ہیں سب کی اہمیت مسلم ہے لیکن سب زبانیں مضبوط و مستحکم نہیں ۔زبانوں کے استحکام کے کئی اسباب ہوتے ہیں ان میں سے ایک سبب گرامربھی ہے ۔جو زبانوں کو حسن و خوبصورتی کے سانچے میں سموئے رکھتا ہے اور خارجی و داخلی خرابیوں سے مدافعت کی بھر پور قوت عطا کرتا ہے ۔قواعد یا گرا مر لکھی ہی جاتی ہے اس لیے کہ زبان کو حسن کی لڑی میں پرو کر بکھرنے سے روکا جائے ۔
مولوی عبدالحق کے جہاں دیگر کارنامے بہت ہی اہمیت کے حامل ہیں وہیں ان کا ’’قواعد اردو ‘‘ اردو دنیا کے ہر گوشے میں طلبہ و اساتذہ کے لیے نعمت عظمیٰ سے کم نہیں ہے ۔
مولوی عبدالحق کی یہ کتاب چار فصول اور ایک تحقیقی مقدمہ پر مشتمل ہے ۔مقدمہ میں انہوں نے کئی مقامات پر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ’’ ایک زندہ زبان کے لیے قواعد کی چندا ں ضرورت نہیں ‘‘۔اب یہاں ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ زندہ زبان کہتے کسے ہیں ۔میر ے خیال میں زندہ کہتے ہی اسے ہیں جس میں مستقل حذف و اضافہ کا عمل جاری رہے اور جب اضافہ کا عمل جاری ہوگا تو لا محالہ وہ اپنا دائرہ ٔکار میں اضافہ کر تا رہے گا اور جب وہ اپنی وسعت میں ناہموار زمینوں کو سر کرے گا تو اس کو اس ناہمواری میں اپنا تشخص قائم رکھنے کے لیے اصول کی ضرورت محسوس ہوگی ۔ تاکہ وہ ہر ماحول اور ہر زمانے میں خود کو مجروح ہونے سے بچائے رکھے ۔
کوئی بھی زبان اپنا تشخص کن چیز وں سے بر قرارر کھتی ہے ، اسماء ، افعال یا حر وف سے یا تمام سے ؟۔ آپ کی رائے ہوگی شاید سبھی سے۔ اس سے متعلق مولوی عبدالحق لکھتے ہیں ’’ محض غیر زبانوں کے اسماء و صفات کے اضافے سے اس کے ہندی ہونے میں مطلق فر ق نہیں آسکتا ۔ مثلا آج کل بہت سے انگر یزی لفظ داخل ہوتے جاتے ہیں ۔ لیکن اس سے زبان کی اصلیت و ماہیت پر کچھ اثر نہیں پڑ سکتا ‘‘ (ص ۹) یہ ایک تجر باتی عمل ہے اور ہماری زبان میں یہ تجر بہ ہوچکا ہے ۔ آپ اس کیفیت کو پہلے دور میں جعفر زٹلی اور دوسرے دو ر میں اکبر الہ آبادی کے یہاں دیکھ سکتے ہیں ۔ دو نوں کے یہاں یہ تجر بے طنز کے دائرے میں سامنے آتے ہیں ۔ اگر یہی معاملہ آپ کو سنجیدہ تحر یر میں دیکھنے کو ملے تو سمجھ جائیے کہ زبان نے کر وٹ لینا شروع کردی ہے اور جلدہی اور ایک نئی زبان آپ کے دامن میں ’’ اردش ‘‘ کی شکل میں آنے والی ہے ۔اس لیے یہ ایک سنجیدہ امر ہے اور اس پر سنجیدگی سے غور کر نے کی ضرورت ہے ، نصاب سے لیکر صحافت تک ۔
نحو کی ابتدا کیونکر ہوئی اور اس فن کے ابتدائی افراد کو ن ہیں اس پر ہلکی سی روشنی ڈالنے کے بعد اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ ہماری اس کتاب سے پہلے اردو گرامر میں کن لوگوں نے کتابیں تصنیف کی ہیں ۔ جن میں جان شوا کٹلر۱۷۱۲۔۱۷۰۸ء سے لے کر مولوی امام بخش صہبائی دہلوی تک کی کتابوں کو شمار کیا گیا ہے ۔گو کہ وہ تمام کتابیں چلن میں نہیں ہیں اور آرکائیز کا حصہ بن چکی ہیں ۔سوائے انشاء اللہ خاں انشاء کی ’’ دریائے لطافت ‘‘ کے جسے تاریخی اہمیت حاصل ہے ۔
سابق میں اردو گرامر پر درجن بھر کتابیں موجود ہونے کے باوجود مولوی عبدا لحق کو کتاب لکھنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی اس سے متعلق انہوں نے دو باتیں تحریر کی ہیں۔ ایک یہ کہ اردو زبا ن کا دائرہ وسیع ہوگیا ،غیراردو داں طبقہ بھی اس زبان کو خوب سیکھ رہے ہیں۔ دوسری یہ کہ اب تک جتنی کتابیں لکھی گئی ہیں سب فارسی اور عربی کے تتبع میں لکھی گئی ہیں ۔ اس لیے میں نے یہ تحریر کر نے کا ارادہ کیا ۔ آگے مزید لکھتے ہیں کہ ’’ اردو زبان کی صرف و نحو لکھنے میں عربی زبان کا تتبع کسی طر ح بھی جائز نہیں ۔ کیو نکہ عربی سامی النسل ہے اور اردو آریائی ‘‘ (۲۱) مولوی عبدالحق کی اس کتاب اور اس اسٹیٹمنٹ کو سو سال گزر چکے ہیں لیکن اب تک آریائی زبان کے مماثل گرامر اردو کو مل نہیں سکا ۔ اگر اس مر وجہ ڈگر سے ہٹنے کی کوشش کی بھی گئی تو انگریزیت کے مرید ہوگئے ۔ یا پھر اس کو آسان شکل میں پیش کر نے کے نام پر مزید پیچیدہ کتاب اس فن پر منظر عام پر آئی جیسے ( عصمت جاوید کی ’’ نئی اردو قواعد‘‘ )آخر ہم کس طور پر اس مر وجہ نحوی و صر فی تعلیم سے خلاصی چاہتے ہیں جب کہ۸۰؍ فی صد حر وف تہجی سے لیکر نحوی، صر فی و شعری اصطلاحات تک اسی زبان سے آئے ہیں ۔
فصل اول حر وف تہجی ، حر کات و سکنات ، حر وف شمسی و قمر ی پر مشتمل ہے ۔ لکھتے ہیں ’’ سادہ آوازوں کے تحریر ی علامات میں لانے کا نام حرف ہے ۔ہجا میں حر و ف کی آواز اور ان کی حر کات و سکنات سے بحث کی جاتی ہے ‘‘ سادہ آواز کی قید سے مخلوط آواز سے آزاد ہوگئے۔ اس سے محسوس ہوتا ہے کہ موصوف کے ذہن میں یہ بات موجود ہے کہ مخلوط آواز کو حر ف میں شمار کر نے میں کہیں نہ کہیں سقم ہے اور وہ سقم واضح طور پر بر جموہن دتاتریہ کیفی کے یہاں ان الفاظ کے ساتھ نظر آتا ہے ’’ وہ تحریری شکلیں جو حد امکان تک آواز کی پوری نمائندگی کر یں اور ان میں مزید اختصار کی گنجائش نہ ہو۔ ان ہی کے مجموعے کو حرف تہجی کہتے ہیں ‘‘(کیفیہ ۳۶) ان کی اس تعریف سے بھی مخلوط آواز والے حر وف خارج ہوجاتے ہیں اور وہ حروف(ث ،ذ، ص ،ث ، ط وغیرہ) جن کو ہم ’ زندہ لاشیں ‘ کہتے ہیں وہ مکمل طور پر زندہ اور متحر ک ہوجاتے ہیں ۔’’حر و ف کے مجموعے کو ابجد کہتے ہیں ‘‘(ص۲۸) تاریخ میں ا س پر بحثیں ہوئی ہیں ان سب سے صرف نظر کر تے ہوئے صر ف ایک سوال میرے ذہن میں جو آتا ہے وہ یہ ہے کہ کیا اردو میں بھی ان حر وف کے مجموعے کو ابجد کہیں گے جب کہ اس میں اردو کا تو دور فارسی کا بھی ایک حر ف شامل نہیں ہے ۔اس لیے مجھے منا سب لگتا ہے کہ ہمیں ابجد سے کنارہ کش ہو تے ہوئے ’ تہجی ‘ استعمال کر نا چاہیے کیونکہ اس سے وہی مر اد ہو تے ہیں جن کا ہجا کیا جا سکے ۔ اس میں سب شامل ہوجائیں گے خواہ مخلو ط آواز والے ہوں یا سا دہ ۔
مولوی عبدالحق کے نزدیک اردو میں حر وف تہجی پچاس ہیں ۔اٹھائیس عر بی سے ، چار (پ، چ ، ژ، گ )فارسی سے اور تین خالص ہندوستانی سے ( ٹ ، ڈ، ڑ ) تو کل ہوئے پینتیس۔ واضح ہو کہ اس میں ہمزہ شامل نہیں ہے ۔اس کے بعد ہندی ( بھ، پھ، تھ ، ٹھ، جھ، چھ، دھ ، ڈھ ، رھ ، ڑھ ، کھ، گھ ، لھ، مھ، نھ) سے پندرہ۔ اس طر ح کل ہوئے پچاس ۔ ان میں سے تین ( ژ ، مھ ، نھ ) کم کر دیے جائیں تو دتاتریہ کیفی کے نزدیک سینتا لیس ہوتے ہیں ۔
یہ بات مسلم ہے کہ جن آوازوں کو مخلوط کہہ کر حر وف تہجی سے خارج کیا جاتا رہا ہے وہ اردو و ہندی میں باضابطہ ایک غیر مشترک آواز کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن معاملہ وہاں پیچیدہ ہو جا تا جب ان آوازوں کے لیے خالص ایک مکمل حر ف کا انتخاب عمل میں نہیں آپاتا ہے جیسے ٹ، ڈاور ڑ با ضابطہ جس حیثیت سے اکائی ہیں وہ بھ ،جھ اور گھ وغیرہ حروف کو نصیب نہیں ۔اور دتاتریہ کیفی جو لکھتے ہیں کہ ’’ مزید اختصار کی گنجائش نہ ہو ‘‘ وہ بھ تھ وغیرہ میں صادق نہیں آتا ہے کیونکہ یہ دو حروف سے مل کر ایک آواز کی نمائندگی کر تے ہیں ۔اگر حروف تہجی میں ان کے لیے باضابطہ کوئی علامت تخلیق کر تے ہیں تو کامل یقین ہے کہ اردو میں حروف تہجی کی تعداد کا پیچیدہ مسئلہ حل ہوجائے گا ۔ جو اب ناممکن ہے ۔
حر وف تہجی کے جو اشکال ہیں وہ اچانک ظہور پذیر نہیں ہوئے ہیں بلکہ ان میں صدیا ںاور قبیلوں کی کئی نسلیں گزریں ہیں تب جاکر موجودہ علامتیں ہمارے سامنے آئی ہیں۔ یہ علامتیں تو ایک ہی مفر د آواز کی نمائندگی کر تی ہیں لیکن ان کے ناموں سے سادہ آواز نہیں پیدا ہوتی ہے جیسے جیم اور لام وغیرہ ۔ یہ ایک بہت ہی اہم سوال مولوی عبدالحق نے قائم کیا ہے۔ اس کا جواب وہ خود اس انداز میں دیتے ہیں کہ’’ اس کی وجہ بلا شبہ یہ ہے کہ یہ اس زمانے کی یادگار ہیں جب کہ اس قسم کی تحریریں ایجاد نہیں ہوئی تھیں جو ہم آج کل استعمال کر تے ہیںبلکہ لوگ اپنے خیالات سے تصویریں بنا بنا کر ظاہر کرتے تھے ۔‘ ‘ یہ تو پہلے دور کا عمل تھا، دوسرے دور میں اس کے عمل سے ، پھر ممتاز خصائص سے ، پھر اس شے کے بولنے میں جو آوازیں پیدا ہوتی تھیں اس کو کسی تر کیب سے تحریر ی شکل میں لاتے تھے ، پھر یہی تصویریں مختلف ا صوات کی قائم مقام ہوگئیں ۔
یہ بات واضح ہوکہ مولوی عبدالحق ایک محقق تھے اور محقق بہت ہی محتاط انداز میں لفظوں کا استعمال کر تا ہے اس بحث میں پہلے وہ ’’ بلاشبہ ‘‘ کا لفظ استعمال کر تے ہیں اس کے بعد ’’ اسطر ح ب در حقیقت بیت ہے ‘‘ ان دونوں لفظوں سے جو دعویٰ سامنے آرہا ہے اس کی دلیل مجہول ہے اور حرو ف کے اشکال کو کسی مخصوص شکل کے ساتھ مناسبت قائم کرنا محض خیالی مواجہت ہے ۔ جس کو دیگر مصنفین نے بھی نقل کیا لیکن ’’ شاید، غالبا ً اور قیاس ہے کہ ‘‘ جیسے الفاظ کے ساتھ۔
ان کی طرز تحریر سے دانستہ یا نادانستہ طور پر یہ محسوس ہوتا ہے کہ حر وف تہجی کی جو مختصر تاریخ ہے اس سے انہوں نے چشم پوشی کرنے کی کوشش ہے ۔خدا ہی بہتر جانے ۔نیز جو ان کا اسٹیٹمنٹ ہے کہ اردو کو عربی کے تتبع میں بالکل بھی لانا جائز نہیں ہے اس کا بھی عکس ہو سکتا ہے ۔ حر وف تہجی کی مختصر کہانی یو ں ہے جس کو احمد زیات اپنی کتاب ’ تاریخ الادب العربی ‘ میں لکھتے ہیں ۔ خط فینقی سامی خطوط کا مصدر ہے ۔آرامی اور مُسندبھی اس سے مشتق ہیں ۔آرامی سے خط نبطی حوران میں مشتق ہوا اور سطرنحیلی سریانی عراق میں اور یہی دو خط ہیں جو خط عربی کے اصل ہیں ۔ نبطی سے نسخ نکلا اور سطر نحیلی سے کوفی۔ واضح ہو کہ قدیم مصری خط صرف ۲۲ ؍ حر وف ابجدی پر مشتمل تھا ( یعنی’’ ابجد ،ہوز ،حطی ،کلمن ،سعفص،قر شت‘‘ تک ) جس پر فینقیوں نے چا ر کا اضافہ کیا ۔ایک روایت یہ ہے کہ فینقی تک ۲۲؍ حروف تھے بعد کے نبطی اور سریانی نے اس پر چھ (ثخذ،ضظغ) کا اضافہ کیا ۔ یہ چھ حروف اپنے ہم شکل بے نقط حروف سے بنائے گئے ہیں ۔اس اٹھائیس کے مجموعے کو اسی مخصوص ترتیب کے ساتھ حروف ابجد کہا جاتا ہے ۔ حر وف کی یہ ترتیب سب سے قدیم ترتیب ہے ۔ بعد میں مخارج کے ا عتبار سے بھی مر تب کیا گیا تھا جیسا کہ خلیل بن احمد کی ’’ کتاب العین ‘‘ اور الازہری کی ’ تہذیب ‘‘ میں مرقوم ہے ۔ چوتھی صدی ہجری میں ’لا ‘ کا اضافہ کیا گیا(واضح رہے کہ شروع میں جو الف ہے وہ ہمیشہ ساکن ہونے کی صورت میں ہی الف ہے ورنہ وہ متحرک ہوتے ہی ہمزہ ہوجاتا ہے اس لیے عربی میں ہمزہ ہمیشہ سے الف کے مقام پر حروف ابجد میں شامل ہیں) پھر جب فارسی میں پہنچتا ہے تو وہاں چا ر (پ،چ، ژ،گ) اردو میں آنے کے بعدٹ،ڈ،ڑ کے اضافے سے پینتیس پہنچتی ہے جو اکثر کی زبان سے سوال کے جواب میں نکل جاتا ہے ۔ لیکن حروف کو مخلوط بنانے والے ’ھ‘ کو کون چھوڑ سکتا ہے ، یہی نہیں بلکہ ’ ے ‘ بھی ’ ی ‘ کے بعد تمام ابتدائی کتب میں حروف تہجی کے ساتھ اپنے آخری کڑی ہونے کا ثبوت دیتا رہتا ہے اب ہمزہ کے پیچیدہ مسئلہ کو کیسے حل کیا جائے کیونکہ الف سے وہ کام نہیں بن پا رہا ہے جو ہمزہ سے ہوجاتا ہے تو ہمزہ کے وجود کو انکار کرنا تقریبا ناممکن سا ہوگیا اور عربی کے تمام حروف تہجی کو اپنا چکے ہیں توارددو میں اس بیچارے چھوٹے سے حرف (ء) کو جس کا تلفظ ہم عربی کے الفاظ کے ساتھ اردو کے افعال و اسماء میں بھی بہت ہی زیادہ کرتے ہیںکیسے اس گروہ سے باہر کر سکتے ہیں، جبکہ یہ اپنے وجود کے لیے یہ نہ نقطے کا محتاج ہے او ر نہ ہی دو چشمی ہا کا بلکہ اردو والے تو اضافت اور حرکت کے لیے اس کا محتاج ہوتے ہیں ۔لہذا چند افراد کے سوا سب نے اس کو بھی شامل کرلیا ۔ تو اس طریقے سے کبھی تعداد چھتیس ہوجاتی ہے اور کبھی سینتیس۔(واضح رہے کہ دو چشمی ہا ’ھ‘ اور یاے مجہول ’ے ) کبھی بھی کسی لفظ کے شروع میں نہیں آتے ہیں کیونکہ ان دونوں میں حر کت قول کرنے کی صلاحیت نہیں ہے اور اردو میں کوئی بھی لفظ ساکن الاول نہیں ہوتا ہے ۔کچھ ایسی ہی صورت حال الف کا بھی ہے جسے ہم جس پر ہم حرف اول کے بعد کبھی بھی حر کت میں نہیں لاسکتے وہ سا کن ہی رہتا ہے۔اب مخلوط حروف کی بات کریں تو مولوی عبدالحق کے نزدیک اس کی تعداد پندرہ ہے (بھ ، پھ ، تھ ، ٹھ، جھ، چھ، دھ، ڈھ، رھ، ڑھ، کھ، گھ، لھ، مھ، نھ)اور کل حروف تہجی کی تعداد ان کے نزدیک پچاس ہے تو گویا ان کے نزدیک اوپر کے پینتیس ہی حروف ہوئے باقی تین صرف بچوں کو شناخت کے لیے بتا دیے جاتے ہیں ۔دتاتریہ کیفی کے نزدیک بھی یہی ہیں لیکن وہ مخلوط میںسے تین (لھ ، مھ، نھ ) کم کرتے ہیں ۔ مسعود حسین خاں کے نزدیک ان میں ایک اور(رھ ) کم ہوجاتا ہے ۔شان الحق حقی کے نزدیک پچاس کے بعد ان تین ’’زھ، ژھ،وھ،‘‘ کا اضافہ ہوتا ہے اور مقتدرہ قومی زبان پاکستا ن نے ’ں ‘ (نون غنہ) کا اضافہ کرکے اس کی تعداد چون کر دی ہے ۔ حروف تہجی کی تعدادمیں بے تحاشہ اضافہ انشاء اللہ خاں انشاء کے یہاں ہوتا ہے ۔ان سب اختلاف کا حل مجھے کہیں پڑھنے کو ملا ہے وہ اس طرح تھا کہ ہمارے یہاں آوازوں کی تعداد مختلف ہے اور حروف تہجی کی تعداد کسی کے نزدیک پینتیس ہے تو کسی کے نزدیک سینتیس اور انہیں میں سے بعض حرف کو بعض حرف کے ساتھ ملا کر ایک آواز کی نمائندگی کے لیے مخصوص کیا جاتا ہے ۔اب شروع میں حرف تہجی کی جو تعریف بیان کی گئی ہے اس پر دوبارہ نظرڈالیں تو یہ بات دل کے قریب معلوم ہوگی۔