حالت کے لحاظ سے اسم کی اقسام
کسی جملے میں اسم یا قائم مقام اسم کے طور پر استعمال ہونے والے لفظوں کی حیثیت کو ’حالت ‘ کہتے ہیں جیسے احمد خط لکھتا ہے ، احمد قلم سے لکھتا ہے۔ پہلے جملے میں لکھنے کا کام احمد کر رہا ہے اور دوسرے جملے میں قلم سے کام کر نے کی حالت کو ظاہر کیا جا رہا ہے ۔اسی طر یقے سے ہر جملے میں اسم کا استعمال مختلف حالتوں میں ہوتا ہے جو کہ مندرجہ ذیل ہیں ۔
حالت فاعلی یہ اسم کی وہ حالت ہے جس سے یہ معلو م ہوتا ہے کہ اسم کسی کام کو کر نے والا ہے یا وہ کسی خاص حالت میں ہے ۔ جیسے احمد شہر گیا ، ذکیہ نے کھانا کھایا ، بلال نے قرآن پڑھا ۔ ان تینوں مثالوں میں احمد ، ذکیہ اور بلال کی جو حالت ہے وہ فاعل کی حالت ہے ۔شہر جانے کا کام احمد کر رہا ہے ، کھانا کھانے کا عمل ذکیہ کر رہی ہے ۔قرآن پڑھنا ایک کام ہے جس کو بلال کر رہا ہے ۔گویا کام کرنے والے کوفاعل کہتے ہیں اور جو اسم فاعل کے مقام پر ہوتا ہے وہ حالت فاعلی میں ہوتا ہے۔حالت فاعلی میں اسم کے ساتھ کہیں’نے ‘ لگتا ہے اور کہیں ’نے ‘ نہیں لگتا جیسے احمد نے کھانا کھایا ، احمد قرآن پڑھتا ہے وغیرہ وغیرہ ۔
حالت مفعولی جس اسم پر کام کرنے والے کا اثر پڑے وہ اسم حالت مفعولی میں ہوتا ہے جیسے شاذیہ کتاب پڑھتی ہے ، امی کھانا پکاتی ہیں، ابو گاڑی چلاتے ہیں ۔پہلی مثال میں شاذیہ ،کتاب اور پڑھتی تین لفظ ہیں جن میں سے شروع کے دو اسم ہیں اور پڑھتی فعل ہے۔شاذیہ فاعل ہے کیونکہ پڑھنے والی شاذیہ ہے ، پڑھنا فعل ہے اور جو چیز پڑھی جارہی ہے وہ مفعول (کتا ب) ہے ۔یہاں پر کتاب حالت مفعولی میں ہے ۔ اسی طریقے سے دیگر مثالوں میں کھانا اور گاڑی حالت مفعولی میں ہیں ۔
جو اسم مفعولی حالت میں ہوتا ہے اس کے ساتھ کبھی ’کو‘ آتا ہے جیسے پولیس چو ر کو پیٹی ہے اور کبھی’ سے‘ آتا ہے جیسے غفران چھت سے گرا ۔ کبھی ان دونوں لفظوں میں سے کچھ بھی نہیں آتا جیسے امی کپڑے دھوتی ہیں ، آپی سبزی پکا تی ہیں وغیرہ وغیرہ ۔
حالت اضافی جب کسی اسم یا ضمیر کو دوسرے اسم سے نسبت دی جائے یعنی ایک اسم کا تعلق دوسرے اسم سے ظاہر کیا جائے تو اسے حالت اضافی کہتے ہیں جیسے خالد کی کتاب ، ابو کا چشمہ ، بو تل کا پانی وغیر ہ ۔ ان مثالوں میں کتاب ، چشمہ اور پانی کا تعلق خالد ، ابو اور بوتل کی جانب کیا جارہا ہے اس لیے یہ سب اسما ء ان مثالو ں میں حالت اضافی میں ہیں ۔ (کتا ب، چشمہ اور پانی مضاف ہیں ، خالد ، ابو اور بوتل مضاف الیہ ہیں ، کی اور کا حر وف اضافت ہیں)
حروف اضافت واحد مذکر میں ’ کا ‘ جمع مذکر میں ’ کے‘ اور واحد اور جمع مؤنث میں ’ کی ‘ آتے ہیں ۔
احمد کا کپڑا ( واحد مذکر ) احمد کے کپڑے (جمع مذکر )
خالد کی مر غی (واحد مؤنث) خالد کی مر غیاں (جمع مؤنث)
حالت ظر فی جب کسی اسم سے زمان یا مکان یعنی وقت یا جگہ کا مفہوم پایا جائے تو وہ ظرفی حالت میں ہوتا ہے جیسے حامد گھر میں ہے ، فر زانہ اسکو ل میں ہے ، ابو صبح جلدی اٹھے ۔ان سب مثالوں میں گھر ، اسکول اور صبح ظرف ہیں ۔
یہ بھی آپ جان لیں کہ ظر ف کی دو قسمیں ہیں ظر ف زمان اور ظرف مکان۔
ظر ف زمان سے وہ اسم مر اد ہوتا ہے جس سے وقت کا پتہ چلے جیسے اوپر کی مثال میں صبح ظرف زمان ہے ، اسی طر یقے سے ظہر کے وقت اسکو ل کی چھٹی ہوتی ہے ، عصر بعد ہم سب کھیلتے ہیں ، بارش کے وقت گھر پہنچے ، آندھی کے وقت بجلی چلی گئی وغیرہ غیرہ ۔ ان سب میں ظہر ،عصر، بارش کے وقت ، آندھی کے وقت ظرف زمان ہیں ۔
ظر ف مکان سے وہ اسم مر اد ہوتا ہے جس سے کسی جگہ کے بارے میں پتہ چلتا ہے جیسے چھت پر کپڑے ہیں، کھانا فریج میں ہے ، لوگ ہال میں جمع ہیں ۔ ان تمام میں چھت ، فریج اور ہال ظرف مکان ہیں۔
ظرفی حالت میں اسما کے ساتھ ’ سے ، تک ، پر ، میں ، اوپر ،نیچے ، تلے ، اندر ، اندر سے اور کو‘آتے ہیں ۔
مثالیں : صبح سے بیٹھا رہا، شا م تک گھر واپس آگیا ، چھت پر ٹہل رہا ہوں ، فر یج میں دیکھ لو، بکس کے اوپر ، چھت کے نیچے ، آدمیوں کی بھیڑ تلے دبا رہا ، نالی کے اندر کچھ ہے، بیڈکے اندر سے یہ سامان نکلا ، کلکتہ سے نکلا لکھنؤ کو گیاوغیرہ ۔ بعض اوقات کوئی حرف نہیں ہوتا ہے جیسے وہ صبح آیا ۔
طوری حالت
جب کسی اسم سے طور ،طریقے ، اسلوب ، سبب ، ذریعہ اور مقابلہ جیسی کیفیت معلوم ہو تو وہ اسم حالتِ طوری میں ہوتا ہے جیسے وہ گیند سے کھیلتا ہے ، اس کی لاٹھی اور ڈنڈوں سے پٹا ئی ہوئی ، ابو اسکو ٹر سے بازا ر گئے ، اس نے ترقی علم سے حاصل کی وغیرہ وغیرہ ۔ان مثالوں میں گیند، لاٹھی ڈنڈے ، اسکوٹر اور علم سب اسم ہیں لیکن جملے میں جس طر ح استعمال ہوئے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ سب اسم طوری حالت میں ہیں ۔
ندائی حالت
جب اسم کسی کو بلانے یاپکارنے کے لیے مخاطب کے طو ر پر استعمال ہو جیسے بھائی! ذرا سننا ، امی !کچھ کھانا ہے ۔ لڑکے! یہاں آؤ،بچو! شور نہ کر و، صاحبو! غور سے سنووغیرہ ۔مذکورہ بالا مثالوں میں امی ، بھائی ، لڑکے ،بچو اور صاحبوندائی حالت میں اسم ہیں ۔
ندائی حالت میں واحد مذکر اسم کے آخر میں ’الف ‘یا ’ہ‘ ہو تو وہ حالت ندائی میں ’ے ‘ سے بدل جاتا ہے جیسے واحد مذکر میں لڑکا جس کے آخر میں الف ہے حالت ندائی میں اس طر ح ہوگا لڑکے !شور نہ کر و،رشتے داروں کو پکارنے میں کسی قسم کی تبدیلی نظرنہیں آتی جیسے امی ، ابو ، ماما، مامی ، خالہ اور خالو وغیرہ ۔ لیکن بیٹا دو نوں طر ح استعمال ہوتا ہے جیسے بیٹا! کھانا کھالو، بیٹے !ادھر آؤ۔ جمع میں آخر کا نون گر جاتا ہے جیسے بچوں سے بچو !شور نہ کرو ۔ لڑکیو! سبق یا دکر ووغیرہ۔
خبر ی حالت
وہ اسم جو جملہ میں بطور خبر کے واقع ہو جیسے احمد بیمار ہے ، عبد الغفور صاحب پرنسپل ہیں ، عبدالرحمان صاحب ہیڈ ماسٹر ہیں وغیرہ ان جملوں میں بیمار، پر نسپل اور ہیڈ ماسٹر حالت خبری میں ہیں