لواز م اسم
(مذکر و مؤنث )
اسم خواہ کسی بھی قسم کا ہو اس کے اندر چند خصوصیتیں لازمی طور پر پائی جاتی ہیں ۔اول یہ کہ وہ مذکر ہوگا یا مؤنث ، دو م یہ کہ وہ واحد ہوگا یا جمع اور سوم یہ کہ وہ اسم کام کرنے والا ہوگا یا کام کا اثر اس اسم پر ہوگا ۔ پہلے کو جنس دوسرے کو تعداد اور تیسرے کو حالت کہتے ہیں۔
جب کوئی کلمہ اسم ہوگا تو لازمی طور پر وہ مذکرہوگا یا مونث ( اسی کو عام زبان میں نَر اور مادہ کہتے ہیں ) اس کلمہ کو اسم جنس کہتے ہیں. پھر اسم جنس کی دو قسمیں ہیں حقیقی اورغیر حقیقی۔ جاندار چیزیں جو یا تو نر ہوتی ہیں یا مادہ تو اس کوجنس حقیقی کہتے ہیں کیونکہ ان کے بارے میں ہم آسانی سے جان جاتے ہیں کہ یہ نر ہے یا مادہ ۔
مذکر حقیقی۔ باپ ، دادا ، بھائی ،چچا ، ماما ، نا نا، کتا ، گدھا ، شیر ، بند ر اور مور وغیرہ ہیں ۔
مونث حقیقی جیسے ماں ، دادی ، بہن ،چچی ، ممانی، نانی، کتیا ، گدھی ، شیر نی، بندریا اور مورنی وغیرہ ۔
مذکر غیر حقیقی وہ اسم ہوتے ہیں جس میں مذکر ہونے کی بظاہر کوئی علامت نہ ہو لیکن وہ مذ کر ہوتا ہے جیسے جہاز ، آسمان ، بادل، پانی وغیرہ ،اسی طریقے سے مؤنث غیر حقیقی جس. میں بظاہر مادہ ہونے کی کوئی علامت نہ ہو لیکن جب ہم بو لتے ہیں تو مؤنث ہی بولتے ہیں جیسے کتا ب ، کاپی، پینسل ، ٹوپی ،گاڑی اور ٹرین وغیرہ ۔
کچھ چیز یں ایسی ہوتی ہیں جو اپنے گروپ کے اعتبار سے مذکر ہوتی ہیں یا مؤنث
مذکر
٭ پیشہ وروں کے نام جیسے استاد ، ڈرائیور ، درزی ، دھوبی ،مالی اور موچی وغیرہ
٭ پہاڑوں کے نام ، ہمالہ ، پارسناتھ ، اراولی۔
٭ دھاتوں کے نام جیسے لوہا، المونیم ، تانبہ ، کانسہ۔
٭ جواہرات کے نام جیسے سونا ، چاندی ، ہیرا۔
٭ دنوں کے نام ، ہندی ، انگلش میں تمام دن اور اردو میںبھی تمام دن مذکر ہوتے ہیں(جمعرات کے علاوہ ) ۔
٭ ہندی اور اسلامی مہینوں کے نام۔
٭ کچھ ایسے اسم ہیں جن کا مونث حقیقی (حقیقی مادہ ) موجود ہے لیکن پھر بھی مذکر ہی استعمال ہوتے ہیں جیسے الو، طوطا ، باز ، چیتا ، تیندوا، ٭ بچھو وغیرہ۔ ان سب کا مونث حقیقی استعمال نہیں ہوتا ہے ۔
ان تمام کے علاوہ ہزاروں لفظ ہیں جو مذکر ہوتے ہیں ۔ ان سب کا تعلق استعمال سے ہے ۔
مؤنث
٭ دنیا میں جتنی بھی زبانوں کے نام ہیں سب کے سب مؤنث ہوتی ہیں جیسے اردو ، عربی ، فارسی ، تر کی ، ہندی ، بنگالی، مر اٹھی وغیرہ
٭ عبادتوں کے نام ، نماز ، پوجا ، دعا ۔
٭ تمام نمازوں کے نام ، فجر ، ظہر ، عصر مغرب ، عشا، تہجد، اشراق ، چاشت ، اوابین ، جنازہ ، عیدین ۔
٭ جس لفظ کے آخر میں ’ت‘ ہو جیسے عداوت ، مصلحت، محبت ، نفرت ، عنایت ، شوکت ندامت وغیرہ یہ سب عربی کے لفظ ہیںاگر کوئی لفظ ٭ ہندی کا ہو جس کے آخرمیں ’ ت‘ ہوتو وہ مذکر بھی ہوسکتا ہے جیسے بھگت، بھارت، بھوت وغیرہ ۔
٭ کچھ چھوٹے چھوٹے جاندار ایسے ہوتے ہیں جن کا استعمال صر ف مونث ہی ہوتا ہے ۔ جیسے مکھی ، چھپکلی، مکڑی ، چھچھوندر وغیرہ ۔
٭ تما م ہواؤں کے نام مونث ہوتے ہیں ۔
٭ ہندی کے بہت سارے الفاظ جن کے آخر میں ’ی ‘ ہوتی ہے وہ مونث ہوتے ہیں جیسے سبزی، لکڑی، کوٹھی، تالی، روٹی ، چابی، ہڈی وغیرہ اس کے علاوہ بھی ہزاروں لفظ ہیں جو صرف مونث ہی استعمال ہوتے ہیں ۔
مذکر سے مؤنث بنانے کا قاعدہ
پیارے بچو! اب آپ جاننا چاہیں گے کہ مذکر سے مونث بنا نے کا قاعدہ کیا ہے ۔ یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ مذکرسے مونث بنانے کاکوئی مستقل قاعدہ نہیں ہے لفظ کے حساب سے قاعدے بدلتے رہتے ہیں جیسے اگر لفظ کے آخرمیں الف یا ہ ہے تو ی سے بد ل دیتے ہیں جیسے اندھا سے اندھی ، بیٹا سے بیٹی ، چچا سے چچی وغیرہ
مذکر لفظ کے آخر میں ن کا اضافہ کرنے سے بھی مؤنث بنتا ہے جیسے ناگ سے ناگن ۔
مذکر لفظ کے آخر میں ’نی‘ کا اضافہ کرنے سے بھی مؤنث بنتا ہے جیسے فقیر سے فقیر نی ، اونٹ سے اونٹنی ۔
الغر ض اس کا کوئی خاص قاعدہ نہیں ہے بلکہ استعمال پر ہے کہ عوام اس لفظ کا مونث کیسے استعمال کر تے ہیں ۔
#گرامر
#مذکر
#مؤنث
No comments:
Post a Comment