Thursday, 31 July 2025

یائے مجہول: لفظ ، حرف یا علامت

 یائے مجہول: لفظ ، حرف یا علامت 

ڈاکٹر امیر حمزہ


جس طرح کوئی زبان اچانک وجود میں نہیں آتی ہے اسی طرح سے کسی بھی زبان کا رسم الخط بھی اچانک وجود میں نہیںآتا ۔ پہلے زبان اپنا تشکیلی دور طے کرتی ہے ، اسی دورمیں وہ کسی رسم الخط میں ڈھلنا ہونا شروع ہوتی ہے اور اسی تشکیلی دور میں حروف تہجی کی بھی تشکیل  شروع ہوجاتی ہے ۔ یہ کسی بھی زبان میں لازمی نہیں کہ وہ زبان جن اصوات کی نمائندگی کرتی ہے اس کے حروف تہجی بھی انہی اصوات کی نمائندگی کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیے جائیں ۔ ایک ہی صوت کے لیے کئی حروف بنتے ہیں یابن سکتے ہیں ، جبکہ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی صوت کے لیے کوئی ایک تنہا حرف بھی نہیں ملتا تو اس کے لیے مرکب حروف کی مدد لینی پڑتی ہے ۔یہ کہانی ہر زبان کی ہے ۔ اردو میں بھی یہی صورت حال ہے جہاں حروف تہجی کی دنیا الگ اور اصوات کی دنیا الگ ہے ۔ اردو زبان کی یہ خوش نصیبی رہی ہے کہ اسے اکثر حروف عربی اور فارسی سے مل گئے ۔ عربی سے ا، اب ، ت ، ث ، ج ، ح ، خ ،د ، ذ، ر، ز، س، ش، ص، ض، ط، ظ، ع، غ، ف، ق، ک، ل، م ، ن ، و، ہ، ی۔ اٹھائیس حروف عربی سے مل گئے۔ فارسی سے چار حروف پ، چ ، ژاور گ مل گئے ۔ ہمزہ مختلف فیہ ہے ،لیکن میں اسے حر وف تہجی میں شکلا و صوتاً دونوں اعتبار سے شامل مانتا ہوں، تو کل تینتیس حروف تو ماقبل کی زبانوں سے ہی مل گئے ۔ باقی تین حروف ہم نے تین مقامی آوازوں کے لیے ٹ، ڈاورڑ تشکیل دیے۔ کل ہوگئے چھتیس حروف تہجی ۔ اب بھی ایک حرف باقی ہے جو ’ے‘ ہے ،یہ ہمارے یہاں بہت بعد میں ابتدائی قواعد کی کتابوں میں شامل ہوا ۔بقول محمد انصاراللہ 

’’یاے معرو ف اور مجہول کا مسئلہ بھی عربی اورفارسی میں اس طور پر نہیں ہے جس طرح اردو میں ہے ۔ انیسویں صدی کے وسط تک اردو میں بھی ان کو الگ الگ حرف کی حیثیت حاصل نہ تھی البتہ قرائن اس بات کے ملتے ہیں کہ اُس وقت اِن دونوں میں فرق کا احساس عام طور سے پیدا ہوچکا تھا ۔اُس صدی کے ربع ثالث میں ان کوالگ الگ حرف کی حیثیت حاصل ہوگیی تھی ۔‘‘(اردو کے حروف تہجی ، محمد انصاراللہ ، 1972 ،ص:36)

اس اقتباس سے واضح ہورہا ہے کہ 1860-70 میں اسے حروف تہجی کے طور استعمال میں لایا گیا ۔ لیکن میں جس بحث کی جانب بڑھ رہا ہوں وہ کچھ مختلف ہے ، میں اس سوال کوحل کرنے کی کوشش کررہا ہوں کہ جب تمام حروف صوتی طور مصمت ہوتے ہیں اور ہرحروف کی اپنی الگ اور منفر دشناخت ہوتی ہے تو  یائے مجہول کس شناخت کے ساتھ ہمارے سامنے آتی ہے اور جب وہ اپنی شناخت میں گم ہو جاتی ہے تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ یائے مجہول بطور حرف تہجی کوئی حرف ہے ، بطور لفظ کوئی لفظ ہے یا بطورعلامت کوئی حرکت ہے ؟ ان تینون کی بنیادی باتیں پہلے جان لیتے ہیں ۔ لفظ وہ ہوتا ہے جو اپنے اندر معنی رکھتا ہے ، جیسے آنا سے آ بھی ایک لفظ ہے ۔ حرکت زبر زیر اور پیش کو کہتے ہیں یہ کسی نہ کسی حرف پر ہی آتی ہیں یہ تنہا کبھی بھی عمل نہیں کرتیں ۔ علامت اس میں جزم ، مد، کھڑا زبر اور کھڑی زیر الٹا پیش اور تنوین وغیرہ شامل ہیں۔ یہ بھی کسی نہ کسی حرف پر ہی آتے ہیں ۔ ان سے یہ واضح ہوگیا کہ حر کات اور علامات حرف پر ہی آتی ہیں ۔ 

اس بحث کی جانب بڑھنے کی وجہ یہ ہوئی کہ جب اردو کے مختلف دانشوروں کے یہاں ’ ے‘ پرمختلف تجربات دیکھے تو مجھے تشویش ہوئی کہ ضرور کسی زمانے میں اس پر آفت آئی ہوگی۔ اس لیے ’ے ‘ اپنی شناخت کے لیے آج بھی پر یشان حال ہے۔اس مسئلہ کی تلاش کے لیے سب سے پہلے بچوں کے قاعدے کی تقریبا پندرہ کتابوں پر نظر ڈالی تو سبھی جگہ پریہ اپنی شکل میں’ے‘ ی کے بعد موجود ہے ۔ہمارے یہاں کے جتنے بھی لسانی علماء گزرے ہیں اتفاق سے ان سبھی کے یہاں یہ حروف تہجی میں شامل ہے ۔کسی نے بھی اسے حروف تہجی سے خارج نہیں کیا ہے ۔ لیکن میری پریشانی اس وقت شروع ہوئی جب اسے حرف، لفظ اور علامت (حرکت )تینوں صورتوں میں مختلف مقامات پر مستعمل پایا۔ حرف کے طور پر آپ جانتے ہی ہیں جیسے آئے ، گئے وغیرہ میں ’ے ‘ہے۔

بطور لفظ اس کا استعمال اب تک کہیں بھی میری نظر سے نہیں گزرا تھا لیکن ظفرکمالی نے اپنی رباعیوں کے دیوان میں خطاب کے لیے ’اے ‘ لفظ/ حرف مخاطب کے لیے صرف ’ ے ‘ لکھا ہے ۔’’ے موت بتاوفات کیا ہوتی ہے ‘‘ (خاک جستجو، ظفرکمالی ، عرشیہ پلی کیشنز،ص:231) اب تک میری دانست کے مطابق اردو کا سب سے چوٹا لفظ ’ ’آ‘ ‘ تھا ۔ (اگرچہ مہذب زبان میں آؤ، آئیے اور آئیں استعمال ہوتا ہے )لیکن یہ ’ ے‘  میرے لیے سراسرچونکانے والا معاملہ تھا کہ اسے بطور لفظ بھی استعمال کیا گیا ہے ۔

یائے مجہول حرف کے طور پر جس طرح استعمال ہوتا ہے اس تعلق سے ہم سبھی جانتے ہیں ۔یعنی جب ہمیں آئے، گئے ، جیسے ، کے لیے اور کیلے لکھنا بولنا ہوتا ہے تو ہم یائے مجہول استعمال کر تے ہیں۔ سبھی میں یائے مجہول بطور شکل واضح طور پر نظر آتی ہے لیکن آخری مثال ’کیلے ‘ میں دو یائے مجہول لفظاً ہیں مگر شکلاً ایک ہی نظر آتی ہے ۔ یہاں پر یہی دھیان میں رکھنا ہے کہ ایک ہی لفظ میں دو یائے مجہول استعمال ہوئی ہیں لیکن پہلے کی شکل محض’ ی‘ کی ہے جبکہ دوسرے میں یائے مجہول ہی ہے۔یہاں واو کی طرح ایک ہی شکل مجہول و معروف دونوں کے لیے مستعمل نظر آرہی ہے ۔

یائے مجہول علامت اضافت کے طور پر بھی مستعمل ہوتا ہے اور یہ ان لفظوں میں آتا ہے جن کے آخر میں الف ہواو ر اس لفظ میں اضافت کی ضرورت پیش آجائے تو درمیان میں یائے مجہول لکھتے ہیں جیسے ، رہنمائے دکن‘  تو اس تعلق سے اکابرین ادب کے کیا نظر یات ہیں اس پر نظر ڈالتے ہیں : 

غالب یائے تحتانی کے سلسلے میں مرزا تفتہ کو ایک خط میں تین قاعدے لکھتے ہیں، جن میں سے پہلا وہ یائے مجہول ہے جو جزو لفظ ہے۔ جب کہ دوسرا وہ ہے جو اضافت میں استعما ل ہوتا ہے۔ اسی میں وہ یائے مجہول کی حقیقت بیان کرتے ہیں میں یہاں وہی حصہ پیش کرنا چاہوں گا ۔ غالب لکھتے ہیں:

(ب)  دوسری یا تحتانی مضاف ہے۔ صرف اضافت کا کسرہ ہے۔ ہمزہ وہاں بھی منحل ہے، جیسے آسیاے چرخ یا آشناے قدیم - توصیفی، اضافی، بیانی، کسی طرح کا کسرہ ہو ہمزہ نہیں چاہتا۔ فداے تو شوم، رہنماے تو شوم، یہ بھی اسی قبیل سے ہے۔‘‘ (بحوالہ ، حروف تہجی : تشکیل و ردتشکیل ، صباح الدین احمد ،ص: ۸۔عرشیہ پلی کیشنز ، دہلی ) 

اس اقتباس میں ایک جملہ ’’ صرف اضافت کا کسرہ ہے ‘‘ بہت ہی زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔یہا ں غالب صاف لفظوں میں کہہ رہے ہیں کہ اضافت میں یائے مجہول محض کسرہ کے مقام پر فائز ہے ۔ لیکن سوال یہ قائم ہوتا ہے کہ جب حرکات کا اطلاق حرف کے بغیر ممکن ہی نہیں ہے تو پھر یہاں یائے مجہول اگر اضافت کا کسرہ ہے تو وہ کسرہ کس حرف کا ہے ؟ یا اسے قدیم املا پر محمول کریں جہاں پر پیش کے لیے کہیں کہیں واو لکھا جاتا تھا۔ اگر ایسا ہے تواس کے لیے بھی ماقبل میں کوئی حرف درکار ہوگا۔ جیسے اُس کا قدیم املا اوس تھا جس میں واو الف کے تابع تھا ۔ایسے میں اس یائے مجہول کو کس کے تابع رکھیں گے ۔

اردو لغت بورڈ کا فیصلہ بھی ملاحظہ فرمائیں کہ وہ یائے مجہول پر کس نوعیت کا تجربہ روا رکھتے ہیں :

’’(ک) الف یا واؤ پر ختم ہونے والے عربی اور فارسی الفاظ کے مضاف ہونے کی حالت میں جو بڑی ’ے‘ علامت اضافت کے طور پر آتی ہے اس پر ہمزہ نہیں بنایا گیا، جیسے: ’ابتداے کار‘،’عدوے حق‘،’ سراے فانی‘، ’جوے خوں‘ وغیرہ۔‘‘(اردو لغت ، تاریخی اصول پر ،ترقی اردو بورڈ کراچی ، ص: ذ)۔

یہاں انھوں نے صاف لکھ دیا کہ ’ے ‘ علامت اضافت طور پر آتی ہے ۔ گویا یہ علامت ہے ۔ لیکن اردو میں تو علامت اضاف صرف اور صرف زیر ہی ہے اور یہ بھی ہم نے بعینہ فارسی سے لیا ہے ، پھر یہ فیصلہ کب صادر ہوا کہ اردو میں زیر کے علاوہ یائے مجہول بھی علامت اضافت ہے ۔ ہاں ہمارے یہاں جملوں کے لیے حرف علامت کا ، کے اور کی ہیں۔

گوپی چند نارنگ لکھتے ہیں :

’’ اگر مضاف کے آخر میں الف، واویا یائے مجہول ہے تو اضافت ئے سے ظاہر کرنی چاہیے: صدائے دل، نوائے ادب‘‘ (املا نامہ ۸۶: )

یہاں ہمزہ اور یائے مجہول دونوں علامت اضافت کے لیے استعمال ہورہے ۔آخر کیوں ؟ دو حرف ایک ہی کام کے لیے کیوں استعمال کیے جائیں ؟پھر یہ سوچنا ہوگا کہ یہاں کون سا حرف ہے اور علامت اضافت کے متبادل کے طور پر کسے استعمال کیا گیا ہے ۔ اس سے ہمارا سوال تو قائم ہوتا ہے، لیکن اس سوال کا جواب گوپی چند نارنگ اسی کتاب کے اسی صفحہ پر کچھ یوں دیتے ہیں: ’’ اگر مضاف کے آخر میں ہائے خفی ہے تو اضافت ہمزہ سے ظاہر کرنی چاہیے : خانۂ خدا ، جذبہ ٔ دل ‘‘ ۔ ان دونوں سے یہ بات واضح ہو تی ہے کہ دونوں میں قدر مشترک ہمزہ ہے تویہاں معلوم ہوا کے اضافت کا عمل ہمزہ سے ہورہا ہے ۔ گویا اس سے یہ واضح ہو تا ہے کہ یائے مجہول اور ہائے خفی علامت اضافت نہیں ہیں ۔

اردو املا کے مسائل کا حل میں غلام رسول املا کے مسائل کا سوال و جواب کے انداز میں تحریر فرماتے ہوئے گیارہواں سوال اس طرح قائم کرتے ہیں.

سوال: آیا اضافت کے وقت ان الفاظ کے بعد جن کے آخر میں الف یا واد ہے، بڑی (ے) کے بغیر ہمزہ لکھنا چاہیے؟ مثلاً: داناے روزگار، خوے دوست، علماے کرام (واضح رہے کہ اکثر اہل علم عربی کے ان الفاظ میں جن میں ہمزہ پایا جاتا ہے، ہمزہ کے نیچے کسرہ دے دیتے ہیں۔ جیسے: علماء کرام، ابتداء آفرینش وغیرہ)۔

جواب : ایسے الفاظ، جن کے آخر میں الف یا و او آئے، ان کو اضافت کی صورت میں ہمزے کے ساتھ بڑی (ے) بڑھا کر لکھنا چاہیے۔ اس کے برخلاف جو عمل ہے وہ بے قاعدہ ہے۔ صحیح املایوں ہے، جیسے: دانائے روزگار، خوئے دوست علمائے کرام اور ابتدائے آفرینش وغیرہ۔ (بحوالہ ، حروف تہجی : تشکیل و ردتشکیل ، صباح الدین احمد ،ص:۳۰۔عرشیہ پلی کیشنز، دہلی) 

محولہ بالا عبارت میں قوسین میں جو عبارت لکھی ہوئی ہے وہ عربی علما کے طبقے کے املا کی نمائندگی کرتی ہے ۔انھوں نے یہاں عربی علما محض اختصاص کے لیے لکھا ہے جب کہ جس زمانے میں غلام رسول اپنی کتاب لکھ رہے ہیں وہی لوگ فارسی علما بھی تھے اور جس طریقے سے آج کے زمانے میں ترسیلی زبان اردو ہے ، اس زمانے میں کسی حد تک فارسی تھی تو وہ فارسی علمابھی تھے ۔ یقینا فارسی میں اضافت میں ہمزہ اور ے ساتھ لکھنے کا رواج رہا ہے لیکن علما نے چند میں اختصاص بھی رکھا تھا جہاں اضافت ہمزہ کے نیچے صرف زیر سے اداکی جاتی ہے اور’ ابتداء زمانہ‘ آج بھی مستعمل ملتا ہے ، علماء کرام و ابتداء زمانہ جیسی بہت سی تراکیب ایسی ہی لکھی جاتی ہیں ۔ مجھے جہاں تک سمجھ میں آتا ہے کہ جیسے آج کل جہلا اضافت میں جشن اردو کو ’ جشنے اردو ‘ لکھنے لگے ہیں ویسے ہی یائے مجہول کی شروعات ہوئی ہوگی جو اب مستند ہوچکی ہے ۔ لیکن خیال رہے کہ یہاں بھی اضافت ہمز پر ہی عمل میں آرہا ہے خواہ وہ زیر سے ہویا ’ے ‘ سے ۔ 

یائے مجہول کے استعمال میں رشید حسن خاں کی راے کچھ اس طر ح ہے :

’’ جب ایسے لفظ مضاف یا موصوف ہوں ، اس صورت میں بھی ہمزہ نہیں آسکتا ۔ جس طرح زندگی کی یاے معرو ف پر اضافت کا زیر آتا ہے اور ’’زندگیِ ‘‘ پڑھا جاتاہے ، اس طرح راے کی یاے مجہول مکسور فر ض کر لی جائے گی ،ہمزہ نہ یاے معروف پر آئے گا نہ یا ے مجہول پر ۔ ہاں، اس یاے مجہول کے آگے زیر لگانے کی ضرورت نہیں ۔ جیسے راے عالی ، براے خدا…‘ ‘  (اردو املا، ص : ۴۰۶) 

اس پورے اقتباس میں اگر آپ غور کریں گے تو آپ کو یہ معلوم ہوگا کہ یائے معروف میں اضافت کے لیے زیر کا حکم ہے اور مجہول میں یائے مجہول کو زیر فرض کرلینے کو کہا جارہا ہے ۔یعنی اضافت کی علامت زیر ہی ہے اور زیر حرکت ہے ، حرکات حرف میں عمل کرتی ہیں پھر معروف میں ی پر عمل کررہا ہے اور مجہول کو اگر زیر ہی فرض کرلیتے ہیں تو وہ پھر وہ زیر کس حرف پر لگا ہوا ہے ۔ یہ ایک تکنیکی سوال تو قائم ہو ہی ہورہا ہے ۔ 

یائے مجہول پر عمل در آمد میں شمس الرحمن فاروقی کا نظریہ کچھ اس طرح سامنے آتا ہے: 

’’جن لفظوں کے آخر میں الف ہے، ان کے لیے علامت اضافت بڑی ے ہے۔ اس بڑی ے پر ہمزہ لگانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ اس سے کام بڑھتا ہے اور کوئی خاص مطلب حاصل نہیں ہوتا۔ آج کل چوں کہ دونوں طرح رائج ہے (یعنی بڑی ے سے بلا ہمزہ بھی لکھتے ہیں اور مع ہمزہ بھی لکھتے ہیں)، اس لیے دونوں صورتیں درست ہیں۔ لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ پوری عبارت میں اس التزام کو برقرار رکھا جائے۔ یہ غلط ہے کہ کہیں بڑی ے بلا ہمزہ لکھیں اور کہیں مع ہمزہ لکھیں۔ لہذا یہ دونوں صورتیں درست ہیں لیکن پوری تحریر میں ایک ہی طرز کی پابندی کریں‘‘ (سہ ماہی اردو ادب ، اپر یل ۲۰۱۶)

فاروقی صاحب صرف روایت کی بات کرر ہے ہیں کوئی قاعدہ ٔکلیہ نہ نافذ کررہے ہیں اور نہ ہی اس جانب اشارہ کررہے ہیں ۔ 

یہاں تک کے اقتباسات سے یہ بات واضح ہورہی ہے کہ ہمارے اکابرین زبان و ادب نے یائے مجہول کو حالت اضافت میں محض علامت اضافت کے طور پر ہی دیکھا ہے ۔ اس بات سے میں بھی متفق ہوں کہ یہ علامت اضافت کے بدل کے طور پر کام کر تا ہے اور ہم سبھی جانتے ہیں کہ علامت اضافت زیر ہی ہے زیر کے سوا ہمارے یہاں اردو کے لیے کا کے اور کی علامت اضافت ہیں۔  علامت اضافت زیر کی اسی وقت ضرورت پڑتی ہے جب ہم جملو ں کو فارسی ترکیب کے اعتبار سے برتتے ہیں ۔ تو زیر محض ایک حرکت ہو تی ہے اور حرکت ہمیشہ حروف پر عمل کرتی ہے ، لیکن ماقبل کے سارے مقامات پر جہاں بھی یائے مجہول کو علامت اضافت ماناگیا ہے اس پر کون سی حرکت ہے جو عمل میںآرہی ہے ، آپ کہیں گے کوئی بھی حرکت نہیں ہے کیونکہ وہ تو خود ہی حرکت کے مقام پر قائم ہے ۔ بالکل بات درست ہے ۔ اب سوال یہ قائم ہوتا ہے کہ جب ہم نے اسے حرکت مان ہی لیا ہے تو پھر کون سا حرف ہے جس پر حرکت عمل میں آرہی ہے ۔ ماقبل کا الف(داناے روزگار ) اور واو (بوے گل ) پر تو حرکت ہے ہی نہیں، پھر یائے مجہول بطور حرکت کس پر قائم ہے ؟ کسی پر بھی نہیں ۔ چلیے اب یائے مجہول کو حرف مان لیتے ہیں اگر ایسا ہے تو پھر یہ علامت کی صف میں  کیوں قائم رہے گا ۔ کیا کوئی حرف ہے جو بطور علامت استعمال ہوتا ہے ؟ چلو ہم اسے حرف مان ہی لیتے ہیں تو ضرور اس پر حرکت عمل پیرا ہوگی کیونکہ الف سے لے کر ی تک سبھی حرف حرکت قبول کرتے ہیں الف ، واو اور یا بھی بطور مصمتہ تینوں حرکت قبول کرتے ہیں ، ایسے میں اگر ہم یائے مجہول کو حرف مان لیتے ہیں تو ضرور یہ بھی حرکت قبول کرے گی ۔ اب آپ ہی بتائیں کہ یائے مجہول پر کہیں زبر زیر یا پیش دیکھا ہے ۔ پھر یہ کو ن سا حرف تہجی ہے جو حرکت ہی قبول نہیں کرتا ہے جبکہ ہمزہ جسے بہت سارے ہمارے پیش رو حرف تہجی ماننے کو تیار نہیں وہ تینوں حرکت قبول کرتا ہے ۔ ماقبل کے تمام مثالوں میں جہاں بھی یائے مجہول پر  ہمزہ  قائم ہے وہاں وہ زائد نہیں ہے بلکہ ایک حرف کے طور پر اپنی موجودگی درج کرارہا ہے اور اس کے نیچے یائے مجہول بطور حرکت زیر کا کام کررہا ہے ۔ اس لیے الف یا واو کے بعد اضافت میں ہمزہ پر زیر اصل ہے اب وہ زیر (اضافت کے موقعوںپر) ’ے ‘ سے بدل گیا ہے ۔ 

اب ایک نئی بحث کی جانب بڑھتے ہیں جس تعلق سے مجھے کہیں بھی پڑھنے کو نہیں ملا وہ یہ ہے کہ اردو کے حروف تہجی کی فطری حرکت کیا ہے ۔ آپ اس کو دوسری زبانوں کے مقابلے میں دیکھیں گے تو پائیں گے کہ جس طرح عربی و فارسی کے حروف کی کوئی فطری حرکت نہیں ہے اسی طرح اردو کی بھی نہیں ہے ۔ یہی حال انگریزی کا بھی ہے۔ وہاںبھی حرکات کی ادائیگی واویل سے کی جاتی ہے لیکن دیوناگری میں حروف تہجی کی فطری حرکت آپ کو دیکھنے کو ملتی ہے جیسے قلم لکھیں گے تو آپ کو ق اور نہ ہی ل کے لیے کسی ماترا کی ضرورت ہوگی جب کہ مِلن میں آپ کو م کے لیے چھوٹی ماترا کی ضرورت پڑے گی ۔ اسی طریقے سے پین کے لیے ہم ی لکھتے ہیں جو ’ے‘ کی مصوتہ کی نمائندگی کرتا ہے ۔ یہاں تو آپ سمجھ رہے ہیں کہ اردو میں کسی بھی حرف کی کوئی فطری آواز نہیں ہے لیکن ’ے‘ کو ایک ایسا حرف مانا جارہا ہے جس کی فطری کیفیت ادائیگی(مصوتہ) بھی ہے اور وہ ’اے ‘ ہے ۔نیز آپ کو معلوم ہے کہ مصوتہ کی شناخت و ادائیگی حرکات اورحروف علت سے ہوتی ہے اور اردو میں حروف علت’ ’ ا، و، ی ‘‘ ہیں ۔الف کی دو کیفیت ہیں ، امن ، آم۔ واو کی تین آوازیں ہیں ، دو، دوڑ، دور۔ ی کی بھی تین آوازیں ہیں عینک ، ایڑ ی ، اینٹ ۔تینوں میں ی درمیانی حرف ہیں اگر آخری حرف کے طور پر دیکھیں تو اس کی صورت یوں بنتی ہے ’ درپَے، کیلے ‘ تو پھر یہ دوحرف نہیں بلکہ ایک ہی ہوئے جن کی مختلف مقامات میں مختلف شکلیں بدلتی رہتی ہیں۔ ڈاکٹر محمد انصار اللہ اپنی کتاب ’’ اردو کے حروف تہجی میں ‘ یائے مجہول کو انیسویں صدی کے وسط میں استعمال میں لایا گیا حروف تہجی تسلیم کرتے ہیں۔ اسی کتاب میں جب وہ ہندی کے بالمقابل ماتراؤں کا ذکر کرتے ہیں تو ’اِے اور اَے ‘ کو بھی شمار کرتے ہیں ۔ان تمام مباحث کے بعد ’ے‘ کواگر ہم نو ن غنہ کی نوعیت میں لائیں تو زیادہ واضح ہوجائے گا کہ آخری لفظ میں نون غنہ اپنی الگ شکل رکھتا ہے اور درمیان میں ن ہوتا ہے ۔ باکل یہی حال ’ے ‘ کا ہے کہ درمیان میں ی سے بدل جاتی ہے اور آخر میں اپنی ایک الگ شکل رکھتی ہے ۔ میرے خیال میں جس طرح نون غنہ کوئی حر ف نہیں صرف ایک کیفیت صوت کی نمائندگی کرتا ہے اسی طرح ’ ے ‘ بھی کوئی حرف نہیں ہے بلکہ محض ایک کیفیت صوت کی عکاسی کرنے والی صورت ہے جو مجہو ل زیر ِطویل و زیر خفیف کی نمائندگی کرتی ہے ۔



Monday, 5 May 2025

چارباغ (مجموعہ ٔ رباعیات)

  نام کتاب : چارباغ (مجموعہ ٔ رباعیات)



شاعر :ظفر انصاری ظفرؔ   - صفحات :۱۶۸ -   اشاعت: ۲۰۲۳-    ناشر : ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس دہلی 

مبصر : ڈاکٹر امیر حمزہ 

 ڈاکٹر ظفر انصاری ظفرؔ ایک عرصے سے در س وتدریس کی خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ ان چنندہ افراد میں سے ہیں جو تخلیقی جوہر سے بھی مزین ہیں ۔ شاعری ان کا تخلیقی میدان ہے اب تک ان کے سات شعری مجموعے منظر عام پر آچکے ہیں، اس سے کہا جاسکتا ہے کہ وہ بسیار گو اور زود گو بھی ہیں ۔ درس و تدریس میں تنقید کی دنیا سے وابستہ ہونے کے باوجود جہاں کمیت سے زیادہ کیفیت کو فوقیت دی جاتی ہے پھربھی انہوںنے اپنے لیے تخلیقی وفور میں کوئی کمی نہیںآنے دی نیز رباعی جیسی اہم صنف سخن میں مشق کی اور ایک مجموعہ بھی شائع ہوا ۔ اس صنف سخن کو اکثر ادیب اور شعرا نے بہت ہی پیچیدہ سمجھا ہے، جوش تو عمر پیغمبر ی کی باتیں کرتے ہیں لیکن اکیسویں صدی میں کئی نوعمر و تازہ کار ایسے شعرا ملے جو رباعی میں اپنی پہچان بنارہے ہیں، بلکہ ان کا پہلا مجموعہ بھی رباعی کا ہی ہے۔ ایسے میں کہاجاسکتا ہے کہ رباعی کا شمار آج کے دور میں مشکل اصناف میں نہیں ہوتا ۔ غزلوں کے بعد ظفر انصاری نے رباعی کی جانب بالقصد ارادہ کیا ۔ اس کتاب کے حرف تشکر میں انہوں نے خود ہی لکھا ہے کہ کورونا کے دور میں رباعی کے فن سے آگاہی حاصل کی اور رباعیاں بھی تخلیق کیں، صرف تین سال کی مدت میں ان کا یہ رباعیوں کا مجموعہ شائع بھی ہوا ۔ کتاب کے دونوں فلیپ میں ڈاکٹر جاوید رحمانی کی تاثراتی تحریر ہے۔ مجموعے کے شروع میں بطور تقریظ ڈاکٹر عاصم شہنواز شبلی کی ایک تنقیدی تحریر بعنوان ’’ باغ رباعی کا دیدہ ور شاعر : ظفر انصاری ظفر ‘‘ اس مجموعے کی اہمیت میں اضافہ کررہا ہے ۔اس مضمون میں انھوں نے ’چار باغ ‘ پر جو رائے قائم کی ہے وہ کچھ اس طرح ہے ’’ چار باغ ظفر انصاری کی رباعیات کا اولین نقش ہے جس کے محتویات دلکش اور پرکشش ہیں۔ رباعیات میں مختلف و متفرق نوعیت کے شعور و آگہی کو کچھ اس طرح ہم آمیز کیا ہے کہ یہ رباعیاں فکرو احساس ، تہذیبی و ثقافتی وراثت اور تخلیقی وژن کی نمائندگی کرتی نظرآتی ہیں ۔ انہوں نے ذات و کائنات کے بیشتر تجربات کو اپنی رباعیات کا حصہ بنایا ہے ۔ادب و فلسفہ ، سیاست و حکمت ، اخلاق و ایثار رومان و حکمت ، ساقی و شراب ، مذہب و تصوف اور حمد و نعت وغیر ہ جیسے موضوعات کو …شعری فراست و دانائی ا ظہار یہ بنا دیا ہے ۔ سادگی و پر کاری اور جوش و جذبہ دونوں کی عکاسی کی ہے ۔ سر شاری و مستی کے ساتھ ساتھ بے ساختگی کی کیفیت بھی جا بجا نظرآتی ہے ۔ ‘‘ اس کے علاوہ بھی اس مجموعے میں شامل رباعیوں کے متعلق کئی باتیں تحریر کی گئی ہیں ۔ اگر عاصم شہنواز شبلی کے مذکورہ بالادعوں پر استشہادی گفتگو کی جائے تو یہ تبصرہ نہ ہوکر ایک طویل مقالہ ہوجائے گا ۔ لیکن یہ بات سچ ہے کہ کتاب میں شامل ایسی تحریریں کتاب یا فن پارہ کی اہمیت و افادیت میں اضافہ کرتی ہیں ۔ اب نفس متن پر نظر ڈالتے ہیں ۔شروع میں راویت کے مطابق حمدیہ رباعیات ہیں جس میں خدائے بزرگ و برتر کی شان کریمی ، شان رحیمی اور دعا بھی ہے ۔ پھر نعتیہ رباعیاں ہیں اس میں حدیث کا مضمون اور دیگر نعتیہ مضامین بھی ہیں ۔ نعتیہ رباعیوں کی تعداد حمدیہ رباعیوںسے کافی زیادہ ہے ۔ اس کے بعد منقبتی رباعیات میں صدیق اکبر پر دورباعیاں ، عمر و عثمان پر ایک ایک رباعی ، حضرت علی پر کئی رباعیاں ، امیر معاویہ پر دورباعیاں حضرت عائشہ اور حضر ت حسین پر بھی رباعیاں ہیں ۔ ان سب پر کوئی عنوان نہیں ہے، اسی وجہ سے ایک ہی موضوع کی رباعیاں مختلف مقامات پر بھی نظر آجاتی ہیں ۔ان موضوعات کے بعد جو رباعی رقم ہے وہ کچھ اس طرح ہے :

 کچھ لطف نہ باقی زندگانی میں ہے 

دل مضمحل اس دار ِ فانی میں ہے 

کر سکتا نہیں جس کو بیاں میں تجھ سے

وہ حال مرا عہدگرانی میں ہے 

 مذکورہ بالا رباعی عام موضوعات پر پہلی رباعی ہے جو یاسیت کی کیفیت سے بھرپور ہے لیکن اس کے بعد امید کی فضا قائم کرتے ہیں اور کئی عمدہ رباعیاں یکے بعد دیگرے پڑھنے کو ملتی ہیں ۔ یہاں میں ایک اور رباعی نقل کرنا چاہتا ہوں جو عمومی موضوعات کی دوسری رباعی ہے اور ایک انوکھے موضوع پرہے ۔ رباعی ملاحظہ فرمائیں:

یہ قصہ غم ناک سنانے دے اسے 

یہ زخم تمنا تو دکھانے دے اسے 

اے موت ! تجھے اتنی بھی جلدی کیا ہے 

رک ، بہر عیادت ذرا آنے دے اسے

موضوعات پر نظرڈالتے ہیں تواس بات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے یہاں وسعت کے ساتھ تازگی اور حسن بھی نظر آتاہے ۔ حسن و عشق میں سراپا نگاری کے ساتھ جزئیات کی عکاسی بھی خوب ملتی ہے ۔ محبوبہ کا ستم ہے تو اس کی عنایات کا ذکر بھی ہے ۔بدلتی ہوئی انسانی فطرت ہے تو ماں کی بے محابہ محبت بھی ہے ۔ خوبصورت امیجری دیکھنے کو ملتی ہے تو محبوبہ کی پرستم آنکھیں بھی نظر آتی ہیں ۔روز بروز بگڑتے ہوئے حالات ہیں تو عدلیہ کا موجودہ رویہ بھی نظر آتا ہے ۔تہذیب کی نمائندگی ہے تو کہیں کہیں فلسفہ کی عکاسی بھی نظر آتی ہے ۔ الغرض اس ’ چار باغ ‘ میں موضوعا ت کی کہکشاں نظرآتی ہے جو یقینا رباعی کے لیے خوش کن ہے۔ اس کا دوسرا حصہ شخصی رباعیات پر مشتمل ہے ۔چند برسوں سے اس جانب زیادہ رغبت دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ کہاجا تا ہے کہ شخصی رباعیات تخلیق کرنا ایک مشکل امر ہوتا ہے ۔لیکن یہ بھی سبھی کے علم میں ہے کہ رباعی وہی اچھی ہوتی ہے جس میں صرف ایک ہی موضوع کی عکاسی کی گئی ہو ۔ رباعی خاکہ نگاری کا نام نہیں بلکہ کسی ایک نکتہ کو بیان کرنے کا نام ہے ۔ عمدہ رباعیوں کے خالق ظفر انصاری ظفر یقینا مبارکباد کے حقدار ہیں کہ وہ اس صنف خاص سے اردو ادب کو سیراب کررہے ہیں۔ اگر وہ اسی جانب مزید سنجیدگی سے سوچیں تو یقینا نتائج بہت ہی عمدہ ہوں گے ۔ دوسری بات یہ ہے کہ اس کتاب کے مطالعے میں املا نے مجھے خاصا پریشان کیا ، اکثر مقامات پر مرکب الفاظ کو مفرد بناکر (توڑ کر ) لکھا گیا ہے ۔ جب کہ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ ایک ہی رباعی میں دو مرکب الفاظ میں سے ایک کو توڑکر تو دوسرے کو مرکب لکھا گیا ہے۔ جبکہ مرکب لفظ کہتے ہی اسے ہیں جو دو لفظوں سے مل کر بنا ہو۔ دوسرا یہ کہ اگر موضوعات کے اعتبار سے اس مجموعے کو ترتیب دیتے تو معنویت میں مزید اضافہ ہوتا ۔   


Friday, 25 April 2025

اردو کا ڈیجیٹل ارتقا اور مصنوعی ذہانت

 

اردو کا ڈیجیٹل ارتقا اور مصنوعی ذہانت 

ڈاکٹر امیر حمزہ 

بیسویں صدی کی آخری دہائی میں جب ہم نے آنکھیں کھولیں تو زبان و ادب کے لیے مواصلات کے متعدد ذرائع ہمارے سامنے موجود تھے۔ دیہاتوں میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ریڈیو مواصلات کا سب سے اہم ذریعہ تھا جس کے ذریعہ خبریں، زبان و ادب سے متعلق پروگرامز اور مختلف قسم کے تبصرے لاکھوں سامعین تک پہنچتے تھے۔ اس کے بعد ٹیلی ویژن نے تیزی سے اپنی جگہ بنائی لیکن اُس دور میںریڈیو کو جو اہمیت اور وقار حاصل تھا، وہ ٹیلی ویژن کو نہ مل سکا کیونکہ ریڈیو پر زبان و ادب کو خاصی توجہ اور وقت دیا جاتا تھا، جبکہ ٹیلی ویژن کی دنیا میں، باوجود بصری سہولیات کے، ادبی مباحث کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ اس کا کمرشل ہونا ہو سکتی ہے، جبکہ دوسری اہم وجہ یہ ہے کہ ہم الیکٹرانک سے ڈیجیٹل مواصلات کی طرف منتقل ہوگئے اور ہمیں اس کا احساس تک نہ ہوا۔ آئیے، پہلے ان دونوں کے بنیادی فرق کو سمجھتے ہیں۔

الیکٹرانک کمیونیکیشن سے مراد معلومات (پیغامات، ڈیٹا، آواز یا تصاویر) کو الیکٹرانک آلات اور برقی سگنلز کے ذریعے منتقل کرنا ہے۔ یہ ایک وسیع اصطلاح ہے جو ہر قسم کے برقی مواصلات کو شامل کرتی ہے، خواہ وہ اینالاگ ہوں یا ڈیجیٹل۔ تکنیکی طور پر، اس میں برقی سگنلز (الیکٹرک کرنٹ یا وولٹیج) کا استعمال ہوتا ہے جو معلومات کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں۔ یہ سگنلز اینالاگ (مسلسل لہروں کی شکل میں) یا ڈیجیٹل (0 اور 1 کی شکل میں) ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر:ریڈیو اور ٹیلی ویژن نشریات (جو پہلے اینالاگ تھیں، اب زیادہ تر ڈیجیٹل ہیں)۔

ٹیلی فون کالز (جو ابتدا میں اینالاگ سسٹم پر مبنی تھیں، اب موبائل فونز میں ڈیجیٹل ہو چکی ہیں)۔

تار (ٹیلی گراف) جو خالص اینالاگ تھا، اس کی جدید شکل ای میل، واٹس ایپ یا دیگر انٹرنیٹ پر مبنی مواصلات ہیں جو ڈیجیٹل ہیں۔

الیکٹرانک کمیونیکیشن میں الیکٹرانک آلات جیسے تار، ٹرانسمیٹر، ریسیور، اور سرکٹس شامل ہوتے ہیں۔ تاریخی طور پر، یہ مواصلات کی ابتدائی شکل تھی، جیسے19ویں صدی کا ٹیلی گراف۔

ڈیجیٹل کمیونیکیشن الیکٹرانک کمیونیکیشن کا ایک مخصوص ذیلی حصہ ہے، جس میں معلومات کو بائنری کوڈ (0 اور 1) کی شکل میں منتقل کیا جاتا ہے۔ یہ جدید مواصلاتی نظام کی بنیاد ہے۔ اس میں معلومات کو ڈیجیٹل سگنلز میں تبدیل کیا جاتا ہے، جو متغیر  ہوتے ہیں، نہ کہ مسلسل جیسے اینالاگ سگنلز۔ اس کے لیے اینالاگ سے ڈیجیٹل کنورژن (ADC) اور ڈیجیٹل سے اینالاگ کنورژن (DAC) کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ جیسے انٹرنیٹ پر ای میل، ویڈیو کالز (جیسے زوم یا گوگل میٹ)۔موبائل فون کے ذریعے پیغامات (SMS، واٹس ایپ، ٹیلی گرام)۔ڈیجیٹل ٹیلی ویژن اور ریڈیو نشریات۔

ڈیجیٹل کمیونیکیشن کی اہم خصوصیات یہ ہیں کہ معلومات کو کمپریس کیا جا سکتا ہے جو اسے تیز اور موثر بناتا ہے۔ اس کے ذریعہ شور (noise) کے اثرات کم ہوتے ہیںکیونکہ ڈیجیٹل سگنلز کو دوبارہ بنایا (regenerate) جا سکتا ہے۔ جدید کمپیوٹرز، انٹرنیٹ، اور موبائل ٹیکنالوجی اس کی بنیادیں ہیں۔

الغرض ہمیں احساس ہی نہ ہوا کہ ہم کب الیکٹرانک سے ڈیجیٹل مواصلات کی طرف منتقل ہوگئے۔ جب ہم ڈیجیٹل کی طرف آئے تو روایتی ذرائع جیسے ریڈیو اور ٹیلی ویژن بھی ڈیجیٹل ہوگئے، لیکن اس سے زبان و ادب کے فروغ میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ ہوا کیونکہ ان کا دائرہ کار محدود تھا اور ان میں ذاتی ترسیل کی سہولت موجود نہ تھی۔ تاہم، ذاتی کمپیوٹرکا استعمال زبان و ادب کے فروغ کے لیے ایک عظیم ذریعہ ثابت ہوا، جس کا تصور حدودِ امکان سے باہر تھا۔

جیسے ہی ذاتی کمپیوٹر کا دور شروع ہوا، ابتدائی طور پر ڈوس موڈ میں کام کیا گیا جو پرنٹنگ کے لیے موزوں نہ تھا لیکن جب ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا دور آیا تو دنیا کی دیگر زبانوں کے ساتھ اردو نے بھی پیش رفت شروع کی اور اپنے لیے متعدد سافٹ ویئرز تیار کیے، جن میں سے ان پیج آج تک جاری ہے۔

یہ حقیقت ہے کہ ان پیج نے اشاعتی دنیا میں جو کامیابی حاصل کی، وہ اردو کے کسی دوسرے سافٹ ویئر کو نصیب نہ ہوئی۔ لفظوں کی ساخت کے اعتبار سے اس کا کوئی ثانی نہیں۔ اس نے بس اتنی ترقی کی کہ آج یونی کوڈ میں بھی موجود ہے۔ اس سے فائدہ یہ ہوا کہ جیسے جیسے کتابیں کمپیوٹرائزڈ ہوتی گئیں، وہ ڈیجیٹل دنیا کے لیے ایک ذخیرہ بنتی چلی گئیں۔ لیکن ڈیجیٹل دنیا میں اصل انقلاب اس وقت آیا جب ہم انٹرنیٹ کی دنیا سے روشناس ہوئے اور اس کا استعمال ہمارے لیے نہایت آسان ہوگیا۔

تاہم، اردو کے لیے ابتدائی مراحل ہرگز آسان نہ تھے۔ معلومات کے مطابق، 4 مئی 1994 کو سید ظفر کاظمی نے اردو شاعری کے لیے ایک نیوز گروپ شروع کیا، جس کا نام alt.language.urdu.poetry (ALUP) تھا۔ اس میں اردو سے متعلق بہت کچھ موجود تھا، سوائے اردو رسم الخط کے، کیونکہ اس وقت تک اردو یونی کوڈ وجود میں نہ آیا تھا۔ چار سال بعد، 1997 میں TrueType Font (TTF) تخلیق کرنے کی تجویز پیش کی گئی تاکہ اردو ویب سائٹس کو اس کے اصل رسم الخط میں پیش کیا جا سکے۔ اس کی اہم وجہ یہ تھی کہ سید ظفر کاظمی کی ویب سائٹ میں صرف رومن رسم الخط استعمال ہوتا تھا۔ اسی سال عمیر خان نے اپنی ویب سائٹ Urduweb.comشروع کی، جس نے نہ صرف اردو فونٹ کا استعمال کیا بلکہ اردو میں ای میل لکھنے کے لیے ایک سافٹ ویئر بھی تیار کیا۔

1998 کے اوائل میں جرمنی کے علی حسنین شاہ نے ڈائنامک فونٹ ٹیکنالوجی کے ساتھ تجربات کیے تاکہ ایسی ویب سائٹس بنائی جائیں جن کے لیے اردو فونٹ انسٹال کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے اردو خط نسخ فونٹ استعمال کیا۔ پاکستان میں ان کی ڈیٹا مینجمنٹ سروسز نے اس دور میں ایک ایسا فونٹ تیار کیا جو اردو نستعلیق کے بہت قریب تھا، جسے Urdu98 کہا گیا۔ یہ فونٹ کسی بھی ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر کام کرتا تھا اور ایک پلگ اِن کے طور پر استعمال ہوتا تھا، لیکن زیادہ قیمت کی وجہ سے عام استعمال میں نہ آسکا۔

اس کے بعد اردو ویب ٹیکنالوجی عام ہوئی، جس سے کئی ویب سائٹس وجود میں آئیں۔ اس دور تک ان فونٹس کو دیکھنے کے لیے مخصوص سافٹ ویئر یا فونٹس انسٹال کرنا پڑتا تھا۔ اردو کی دائیں سے بائیں تحریر اور نستعلیق فونٹ کو ڈیجیٹل طور پر پیش کرنا بھی مشکل تھا، کیونکہ اس وقت کے ویب براؤزرز اسے مکمل طور پر سپورٹ نہیں کرتے تھے۔

بالآخر، جولائی 2000 میں بی بی سی اردو سروس نے اپنی ویب سائٹ لانچ کی، جو اردو میں خبریں فراہم کرنے والی اولین بڑی ویب سائٹس میں سے ایک تھی۔ اسی سال پاکستانی اخبارات جنگ اور نوائے وقت نے اپنی ویب سائٹس پر اردو مواد شامل کرنا شروع کیا لیکن اکثر مواد تصاویر کی شکل میں ہوتا تھا، تحریری شکل میں نہیں۔

2000 ء اوائل میں یونی کوڈ کا وجود عمل میں آیا، جس نے اردو کے ڈیجیٹل استعمال میں انقلاب برپا کیا۔ اس سے ویب سائٹ بنانے والوں کے لیے اردو ویب سائٹس تیار کرنا آسان ہوگیا اور دیگر فونٹس انسٹال کرنے کی ضرورت ختم ہوگیٔ۔ جب یونی کوڈ کا مرحلہ آسان ہوا تو کئی فونٹس وجود میں آئے جو نسخ اور نستعلیق دونوں کو سپورٹ کرتے تھے، جیسے جمیل نوری نستعلیق، نفیس نستعلیق اور دیگر نستعلیق فونٹس۔ تاہم، اردو ویب سائٹس پر خط نسخ ہی زیادہ نظر آتا تھا۔

نستعلیق کی پیچیدہ خطاطی، جس میں حروف کا باہمی ربط، نقطوں کی مناسب جگہ اور فاصلوں کا درست ہونا ضروری ہے، جس کو یونی کوڈ میں پیش کرنا ایک دشوار مرحلہ تھا۔ اس کے لیے جدید رینڈرنگ انجن استعمال کیے گئے جو نستعلیق کے تقاضوں کو پورا کرتے ہیں۔ (رینڈرنگ انجن سافٹ ویئر کا وہ حصہ ہے جو ویب براؤزر میں CSS، HTML، اور JavaScript کو پروسیس کر کے ویب سائٹ کو دکھاتے ہیں۔ سادہ الفاظ میں، یہ ویب سائٹ کی کوڈنگ کو پڑھنے اور دیکھنے کی شکل میں تبدیل کرتا ہے جیسے گوگل کروم میں Blink استعمال ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے نوری نستعلیق فونٹ تیار کیا گیا، جو موبائل، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر تینوں کے لیے یکساں مفید ثابت ہوا اور آج بھی اسی کا استعمال جاری ہے۔ جب کسی ویب سائٹ کی کوڈنگ میں نوری نستعلیق شامل ہوتا ہے، تو وہ سب کو اسی فونٹ میں نظر آتا ہے اور موبائل میں فونٹ اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس معاملے میں ایپل (iOS) منفرد ہے، جہاں اگر ترجیحی زبان اردو ہو تو تمام تحریریں نستعلیق میں نظر آتی ہیں۔ اس طرح، فونٹس کے اس مختصر سفر نے اردو کو ڈیجیٹل دنیا میں آسان اور قابل رسائی بنا دیا ہے۔

آخر کار آج ہم ڈیجیٹل میڈیا میں اس مقام پر ہیں جہاں ہندوستان کی دیگر زبانیں ہمارے قریب بھی نہیں۔ وکی پیڈیا پر ہم ایک لاکھ سے زائد مضامین کے زمرے میں شامل ہیں اور ہندوستانی زبانوں میں مضامین کی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست ہیں۔ تادم تحریر، وکی پیڈیا میں اردو مضامین کی تعداد 2,20,3821 ہے جبکہ ہندی دوسرے نمبر پر ہے اور اس کے مضامین کی تعداد 1,65,2482 ہے۔ دیگر ہندوستانی زبانیں اس کے بعد آتی ہیں۔ یہ صرف ایک ویب سائٹ کی بات ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اس وقت 50 سے زائد ویب سائٹس ہیں جن پر اردو مضامین کی اچھی خاصی تعداد موجود ہے۔ ان میں سے 20 ایسی ہیں جو مسلسل فعال ہیں اور جہاں روزانہ ادبی و غیر ادبی مضامین شائع ہوتے ہیں۔ اگر اخباری ویب سائٹس کو شامل کیا جائے تو یہ تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔

سوشل میڈیا کی بات کی جائے تو اردو صارفین کی سب سے زیادہ تعداد فیس بک پر ہے۔ جو کچھ بھی ویب سائٹس پر اپ لوڈ ہوتا ہے، اس کی جھلک فیس بک پر بھی نظر آتی ہے۔ اس اعتبار سے گزشتہ دس سالوں میں فیس بک نے اردو کو سوشل میڈیا میں مقبول بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اردو کا تناسب فیس بک کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

مراسلاتی میڈیا میں واٹس ایپ کی مقبولیت غیر معمولی ہے۔ وہاں اردو کا ذخیرہ بہت وسیع ہے اور اس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹیلی گرام پر یونی کوڈ اور پی ڈی ایف کی شکل میں اردو مواد کی مقدار حیران کن ہے۔ ان سب کا نتیجہ یہ نکلا کہ اب مصنوعی ذہانت (AI) ہماری زبان کو بہتر انداز میں سمجھ رہی ہے اور فوری عمل کے معاملے میں بھی ہمیں متاثر کر رہی ہے۔ پہلے مصنوعی ذہانت اردو کے معاملے میں تسلی بخش نتائج فراہم نہیں کر پاتی تھی لیکن جب سے Grokنے کام شروع کیا ہے، اردو میں نتائج نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں کیونکہ اس کے جوابات درست، جامع اور حوالہ جات پر مبنی ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ مصنوعی ذہانت کی کئی اقسام ہیں۔ ہمارے یہاں یا زبانی سطح پر جس مصنوعی ذہانت کا ذکر ہوتا ہے، وہ چیٹ بوٹ کہلاتی ہے، جسے AI Assistants بھی کہا جاتا ہے۔ آئیے سمجھتے ہیں کہ چیٹ بوٹ کیا ہوتا ہے۔

چیٹ بوٹ ایک کمپیوٹر پروگرام ہے جو انسانوں کی طرح گفتگو کرتا ہے۔ یہ مختلف موضوعات پر آپ سے بات چیت کر سکتا ہے اور کسی پیچیدہ مسئلے کے حل کی رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔ الغرض، آپ جیسے چاہیں، یہ ویسی ہی گفتگو کرتا ہے۔ تمام چیٹ بوٹس مصنوعی ذہانت سے لیس نہیں ہوتے، لیکن جدید چیٹ بوٹس نیچرل لینگویج پروسیسنگ (NLP) کا استعمال کرتے ہیں تاکہ صارف کے سوالات کو سمجھیں اور ان کے جوابات خودکار طور پر تیار کریں۔ یہ ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ آئندہ چند سالوں میں کیا امکانات سامنے آئیں گے، اس بارے کچھ کہنا مشکل ہے کیونکہ اس کے بنیادی اصول زبان کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ معلومات اور شواہد کے ذخیرے تک رسائی کو بھی نہایت آسان بنا رہے ہیں۔

مصنوعی ذہانت میں چیٹ بوٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ادب کو بھی اپنے سحر میں گرفتار کرلیا ہے ۔معلومات کی فراہمی سے لے کر متن کی تشکیل ،باز تشکیل اور ترجمے تک یہ ٹکنالوجی ہر سطح پر استعمال ہورہی ہے ۔

اگر ہم کسی چیٹ بوٹ سے متن کی تشکیل کی فرمائش کرتے ہیں تو وہ ہماری خواہش کی تکمیل ضرور کرتا ہے ۔ مثال کے طور پر حال ہی میں میں نے ایک چیٹ بوٹ’گروک‘ سے سفر کی پریشانیوں پر ایک افسانہ لکھنے کی فرمائش کی تو اس نے فوراً تقریباً پانچ سو لفظوں پر مشتمل افسانہ پیش کردیا ، تاہم میری خواہش دوہزار لفظوں کی کہانی کی تھی۔ پھر میں نے دو بارہ درخواست کی تو اس نے اسی موضوع پر دوہزار سے زائد لفظوں کی کہانی پیش کردی۔ یہاں پر ہمیں کچھ بھی کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی کیونکہ چیٹ بوٹ نے بیٹھے بٹھائے مجھے افسانہ نگار بنادیا ۔

اسی طرح، اگر کوئی تحریر درست کرنے کو دی جائے، تو یہ ہمیں عمدہ نثر نگار بنا دیتا ہے۔ تحریر، تصویر یا کسی فائل کا ترجمہ کرنے کی درخواست ہو، تو وہ بھی فوراً مکمل کر دیتا ہے۔ لیکن ان سہولتوںکے ساتھ ہماری ذاتی صلاحیتوں کو وہ نقصان ہوگا جس کا محاسبہ بھی مشکل ہوگا۔

جب ہم خود کوئی افسانہ تخلیق کرتے ہیں، تو اس میں مکالموں، منظر نگاری اور کرداروں کی گہرائی کے ذریعے ایک ایسی روح پھونکتے ہیں جو قاری کو متاثر کرتی ہے۔ لفظوں کا انتخاب، جملوں کی ترتیب اور مکالموں کی برجستگی سے ہم تخلیقات کو منفرد بناتے ہیں جو ہماری تحریری شناخت کا اہم حصہ بھی ہوتا ہے۔ مشینی تخلیق چاہے کتنی ہی درست کیوں نہ ہو، اس میں وہ تاثیر نہیں آسکتی ۔ اس لیے یہ خدشہ بڑھ جاتا ہے کہ آسانی کے لیے جن آلات کو ہم اپنا رہے ہیں، اس سے ہمارے فنون لطیفہ ختم ہورہے ہیں ۔ اس کو اس طرح سمجھ سکتے ہیں کہ کیمرہ یقیناً ہماری زندگی کا اہم حصہ ہے، لیکن اگر ہم اپنی کسی سوچ یا غم میں ڈوبی تصویر کیمرے سے بنائیں، تو وہ کیفیت پیدا نہیں ہوتی جو ایک تخلیقی مصور اپنے برش سے پیش کر سکتا ہے۔ بالکل اسی طرح، ترجمہ نگاری لسانی فاصلوں کو کم کرتی ہے، لیکن اگر ہم مشین سے ترجمانی (یعنی اصل متن کی تاثیر کی منتقلی) کی توقع کریں، تو یہ ایک مشکل کام ہے۔جس طرح سے مشینی تخلیقات فنون لطیفہ میں نہیں آتی ، ویسے ہی مصنوعی ذہانت سے تیار شدہ متن بھی فنون لطیفہ کے دائرہ سے باہر ہوجائے گا ۔ 

یہی حال مشینی ترجمے کا ہے جس میں عموماً لفظوں اور معانی کی ترتیب پر توجہ دی جاتی ہے لیکن ترجمانی کے لیے ایک تیسری چیز، یعنی تاثیر، درکار ہوتی ہے۔ اصل متن سے حاصل ہونے والی تاثیر کو ترجمے میں منتقل کرنا ایک نازک عمل ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں مشینی ترجموں میں اکثر ایک روکھاپن اور بنجرپن نظر آتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلوبیاتی اور جمالیاتی سطح پر ہماری ادبی حس کو اب قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا۔ نتیجتاً، ہماری زبان میں نئی تراکیب بننا بند ہو گئی ہیں۔ نثر ہو یا نظم، تخلیقی تراکیب کی کمی واضح ہے۔

زبان کا تعلق فوری تاثرات سے ہے۔ جیسے ہی الفاظ سامع یا قاری کے کانوں سے ٹکراتے ہیں یا ہماری نظروں کے سامنے آتے ہیں تو قاری یا سامع فوراً متاثر ہوتا ہے لیکن مشینی تحریروں میں یہ فوری تاثیر پیدا کرنا مشکل ہے۔

مصنوعی ذہانت نے اوریجنلٹی کے سوال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ ماضی میں، بعض اوقات قلمکار کے فرضی ہونے کا شبہ ہوتا تھا، یعنی تحریر تو اصلی ہوتی تھی، لیکن مصنف کا وجود مشکوک ہوتا تھا۔ اب صورتحال یہ ہے کہ مصنف تو اصلی ہوگا، لیکن تحریر اوریجنل نہیں ہوگی۔ اس سے ہمارا پورا تخلیقی اور تحریری نظام متاثر ہو رہا ہے اور تخلیقیت کا وجود خطرے میں ہے۔

حال ہی میں کیے گئے ایک تجربے سے یہ بات واضح ہوتی ہے۔ میں نے ایک چیٹ بوٹ سے مضمون لکھوایا اور پھر اسی چیٹ بوٹ سے پوچھا کہ کیا یہ مضمون اس نے لکھا ہے۔ اس نے انکار کر دیا۔ حیران کن طور پر، Plagiarismکے ٹولز بھی اسے ٹریک نہیں کر سکے۔ ایسی صورتحال میں تخلیقی صلاحیتوں کا تحفظ کیسے ممکن ہے؟ ویسے ہی تحریری صلاحیتوں کا فقدان ہے اور اگر اس صورتحال میں مصنوعی ذہانت کا سہارا لیا گیا، تو مستقبل میں شاید ہی کوئی اصلی تحریر قاری کے سامنے آسکے۔

یہاں تک پہنچ کر یہ بات واضح ہوگئی کہ اب تحریروں کی بھی دو قسمیں ہوجائیںگی اول وہ جو اوریجنل ہوتی ہیں اوران کا تعلق فنون لطیفہ سے ہوتا ہے دوم وہ جو مشینی ہوںگی اور کیمرے کی تصویروں کی طرح ان کا فنون لطیفہ سے کوئی تعلق نہیں ہوگا ۔


Monday, 7 April 2025

مجھے کچھ کہنا ہے

  زندگی دراصل تجربات و حوادث کا نام ہے جہاں ہر وقت انسان نئے حالات و کیفیات سے دو چار ہوتا ہے اور اس کے اذہان میں نئے تصورات گردش کرتے رہتے ہیں ،جن میں سے کچھ کو پختگی ملتی ہے اور کچھ لمحات میں زائل ہوجاتے ہیں۔ ایک ادیب کا کمال یہ ہوتا ہے کہ وہ ان نئے تصورات و افکار کو فن کے دائرے میں پروکر کسی صنف کا جامہ عطاکردے۔ ایسے میں ہم دیکھتے ہیں کہ شاعری میں ایک ہی خیال کو مختلف انداز میں ڈھال کر پیش کیا جاتا ہے اور فکشن میں ایک ہی مرکزی واقعے کو مختلف زاویوں سے پیش کیا جاتا ہے، جس میں انسانی ذہنی کشمکش کی بھر پور عکاسی ہوتی ہے۔ جس کے لیے بہت سے تخلیق کار کے فن پارے منظر عام پرآتے ہیں جن میں سے کچھ کو مقبولیت ملتی ہے اور کچھ گمنامی کے شکارہوجاتے ہیں۔دراصل اس کی ایک اہم وجہ یہ ہے کہ اکثر تخلیق کار اپنے قلمی سفر کی شروعات زندگی کی دوسری دہائی میں کرتے ہیں جن میں سے چند کو مقبولیت مل جاتی ہے اور کچھ مختصر مدت کے بعد ماند پڑجاتے ہیں۔ 

یہی حالت ہم ساتھیوں کی بھی ہے جو تحقیقی و تنقیدی دنیا میں قدم رکھتے ہیں لیکن ہمارے سامنے لکھنے کے لیے نیا کچھ نہیں ہوتاہے۔ایسا اس وجہ سے کہ وہ ان ہی راستوں پر چلنے کو فوقیت دیتے ہیں جہاں پہلے سے ہی راستے ہموار ہوچکے ہوتے ہیں اور اس موضوع پر خاطرخواہ تحریریں منظر عام پر آچکی ہوتی ہیں۔ جس سے اس موضوع پر تجزیہ در تجزیہ کے سوا کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا۔ جن گوشوں میں بہت ہی کم لوگوں نے قدم رکھا یا ایسے گوشے جو بالکل گمنامی میں پڑے ہوئے ہیں، وہا ں شاید و باید ہی کوئی ریسرچ اسکالر قدم رکھنا چاہتا ہے۔ ا یسے حالات میں موضوعات میں تکر ار بہت ہی زیادہ دیکھنے کو ملتی ہے لیکن اسے اکثر یہ کہہ کر رد کردیا جاتا ہے کہ ابھی تو آموزش کا مرحلہ ہے، بعد میں اکتسابی مرحلہ آئے گا تب نئے زاویوں کی تلاش و جستجو اور پیش کش پر عمل کیا جائے گا۔ لیکن اس تیز رفتار زندگی میں جب وقت قلیل سے قلیل تر ہوتا چلا جارہا ہے ایسے میں کیا ضروری ہے کہ کسی کو بعد میں اتنا موقع ملے کہ وہ کسی بھی موضوع پر اتنا وقت دے سکے جتنا اسے ریسرچ کے درمیان موقع مل رہا ہے۔ یقیناً بہت ہی کم ملتا ہے۔ گزشتہ دس برسوں کے تجربات کے تحت یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ ریسرچ کے بعد جن ساتھیوں نے نوکری حاصل کی ہے ان میں سے اکثر کے یہاں قلم کی دھار کمزور پڑگئی ہے۔ پتہ نہیں آخر ایسا کیوں ہوتاہے۔ ان حالات کے مدنظر  یہ کہا جاسکتا ہے کہ ریسرچ کے دوران جو بھی ہمیں موقع مل رہا ہے اسی میں اپنی شناخت بنانے کی بھرپور کوشش کریں۔ ایسے میں ہم پر لازم ہوتا ہے کہ ہم  ادب میں ان گوشوں کو نمایاں کریں جن پر اب تک بہت ہی کم لکھا گیا ہے۔

 موجودہ وقت میں دو بنیادی موضوعات بہت ہی عام ہیں شاعری میں غزل و نظم اور نثر میں افسانہ و ناول۔ سندی ریسر چ کا اسی فیصد حصہ انہیں موضوعات کو محیط ہے اور اس میں بھی محض تجزیاتی اور تاثراتی تحریر ہی پڑھنے کو ملتی ہے۔ شاعری میں شاعر نے فن کو کس طرح برتا ہے اس پر توجہ نہ دے کر سارازور صرف موضوعات پر رہتا ہے۔یہی حال ناول اور افسانہ کا بھی ہے جہاں محض کہانی کا تجزیہ ہی دیکھنے کو ملتا ہے ، فن کا ر نے فن سے کس قدر انصاف کیا ہے ، زبان و بیان میں کیا اختراعات دیکھنے کو مل رہے ہیں ، کیا انہوں نے کسی فلسفہ کو کردار کے ذریعہ پیش کرنے کوشش کی ہے تو اس فلسفہ سے تحقیق کار کس قدر واقف ہے اور اس کے تجزیہ کا کتنا حق ادا کرسکتا ہے ۔ کہانی کا ر کا اپنا عکس کس قدر حاوی ہے ، کیا واقعی میں وہ فن پارہ ہے؟ یا فن پارہ کا نام دے کر تخلیق کار نے اپنی بھڑا س نکالی ہے ، ان گوشوں پر بہت ہی کم واضح انداز میں گفتگو کی جاتی ہے ۔ اکثر تو تعریف میں قلم اٹھاتے ہیں۔ جب تعریف ہی تنقید کا مقصد رہ گیا ہے تو پھر تنقید کو دفن کردینا چاہیے ۔ویسے اس معاملے میں جدید وقدیم سارے قلم کار یکسا ں ہیں ، وجہ نوکری اور معاملات کے سوا کچھ بھی نہیں ۔ اگر یہ مجبوریاں حائل نہیں ہوتیں تومیرا خیال ہے کہ ماضی سے بہتر معرکے آج کے زمانے میں دیکھنے کو ملتے ۔ معرکوں سے زبان توترقی کرتی ہی ہے ساتھ ہی قاری میں بے تحاشہ اضافہ بھی دیکھنے کو ملتا ہے ۔ لیکن یہ ممکن نہیں کیونکہ حالات بدل چکے ہیں اور وسعت نظری تنگ نظر ی میں بدل چکی ہے ۔ اس لیے تنقید میں تعریف کے سوا کچھ نہیں بچتا اور اگر کسی نے لکھنے کی ہمت بھی دکھائی تو انجام کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے ۔ 

 موضوعات کے حوالے سے میرے ہم درس دوست سے ایک بڑی یونی ورسٹی کے سینئر استاد جو اّب ریٹائر ہوچکے ہیں انہوں نے صاف طور پر کہا کہ سندی تحقیق کے لیے کبھی بھی مشکل موضوع کاانتخاب نہیں کرنا چاہیے۔ یقیناً انہوں نے تجربات کی بنیاد پر ہی یہ بات کہی ہوگی کیونکہ ریسرچ کے پانچ برسوں میں بہت ہی کم ریسرچ اسکالرز ایسے ہوتے ہیں جو یکسوئی کے ساتھ کام کو انجام دیتے ہیں، عموماً عمر کے اس پڑاؤ میں یہ مرحلہ آتا ہے جب بہت ساری ذمہ داریوں کی بنیاد ڈالی جارہی ہوتی ہے۔ ایسے میں دو تین سال ہر ایک کے یونہی محض سوچنے میں گز ر جاتے ہیں اور جب کام کرنے کا وقت آتا ہے تو بہت جلد بازی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،جس بنا پر سنجیدہ تحقیق و تنقید کی امید نہیں کی جاسکتی۔علاوہ ازیں میں ایسے ساتھیوں کو بھی جانتا ہوں جنہوں نے مسلسل چار سال تحقیق کو دیے اور ہر روز کچھ نہ کچھ لکھا پھر جب ان کا تحقیقی مقالہ سامنے آیا تو وہ بہت ہی عمدہ قسم کا کام تھا، لیکن چونکہ ان کے نگراں کو وہ کام بہت زیادہ بھاری لگ رہا تھا تو ان میں سے بہت کچھ حذف بھی کروا دیا گیا جس سے یقیناً ان کی بہت زیادہ دل شکنی ہوئی۔ چند ہمارے ایسے بھی ساتھی ہیں جنہوں نے صر ف چند دنوں میں اپنا تحقیقی مقالہ تیار کرلیا اور جب مجھے برسوں بعد ان کے مقالے کادیدار ہوا تو میں دنگ رہ گیا کیونکہ پندرہ سطور سے کم کا صفحہ اور وہ بھی صر ف دو سو پچاس صفحات۔ ایسے میں ہم UGC کی گائڈ لائن کی جانب رخ کرتے ہیں تو وہاں پر ہمیں انگلش کے متعلق صاف طور پر لکھا ہوا ملتا ہے کہ A4 میں متن کا سائز 12 ہو اور سطرو ں کے درمیان کا فاصلہ 1.5 ہو۔ اس اعتبار سے تیس سے زیادہ سطریں ایک صفحہ میں آجاتی ہیں۔ ساتھ میں یہ بھی ہے کہ جو اسٹنڈرڈ سائز ہے اسی میں تحریر کرنا ہے یعنی جس فونٹ سائز میں عموماً کتابیں بازار میں ملتی ہیں وہی فونٹ سائز آپ کو بھی استعمال کرنا ہے۔ لیکن نہیں معلوم اردو میں یہ روایت کہاں سے آگئی ہے کہ آپ کو 18 فونٹ سائز میں ہی مقالہ تیار کرنا ہے۔ اس فونٹ سائزسے عموما 23 سطریں ایک صفحہ میں آتی ہیں۔ یہ بھی غنیمت ہے لیکن بہت سارے ایسے مقالے دیکھنے کو مل جاتے ہیں جن میں 20 یا اس سے بھی زیادہ فونٹ سائز مستعمل ملتا ہے اور سطروں کا فاصلہ بہت ہی زیادہ رکھا جاتا ہے۔ جب کہ سبھی کو معلوم ہے کہ نستعلیق کا اسٹنڈرڈ سائز15 اور 16 ہے لیکن شاید ہی کو ئی مقالہ اس فونٹ سائز میں آپ کو مل جائے۔ اس جانب بھی متفقہ طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ فونٹ سائز بڑا کرکے صفحات میں اضافہ کی نوبت اس وقت ہمارے سامنے آتی ہے جب ہمارے پاس مطالعہ کی کمی ہوتی ہے، جب مطالعہ کم ہوگا تو کسی بھی موضوع پر لکھنے کے لیے بھی کم مواد جنریٹ ہوگا۔ان تمام باتوں کے مدنظر نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ریسرچ اسکالر متعلقہ مضمون میں مطالعہ کو ٹھیک ڈھنگ سے ترتیب نہیں دے پاتا جس سے نتائج بھی محدود ہی سامنے آتے ہیں۔

ان سب کے باوجود ہمارے یہاں خاطرخواہ تعداد میں اچھے ریسرچ اسکالروں کی کھیپ تیار ہورہی ہے جنھوں نے اپنے قلم سے نہ صرف اساتذہ کو چونکایا ہے بلکہ انھیں بہت زیادہ متاثر بھی کیا ہے۔ تحقیق و تنقید نیز تخلیقات میں وہ اپنی شناخت قائم کررہے ہیں لیکن ساتھ ہی انہیں اس بات کا افسوس بھی ہے کہ ان پر مباحث قائم نہیں ہوتے ہیں۔ اگر کسی نے تحقیق سے نئی چیز سامنے لائی ہے تو اس کے ردو قبول پر کوئی بھی بات کرنے کو تیار نہیں ہوتا۔ بات کر نا اور مباحثہ قائم کرنا تو بعید تبصروں میں بھی ان عناصر کو نمایا ں نہیں کیا جاتا بلکہ یہ سوچ کر کہ اس موضوع پر ایک اور نئی کتاب آگئی ہے اس کو طاق نسیاں کردیا جاتا ہے۔ یقیناً یہ نئے اور محنتی طلبہ کے لیے حوصلہ شکنی کی بات ہوتی ہے۔ ایسے میں جب وہ اپنے ساتھ یہ رویہ دیکھتے ہیں تو آگے انہیں مزید کام کرنے کی ہمت نہیں ہوتی۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ ہمارے یہاں سنجیدہ قرات میں کمی آئی ہے۔ یہ تو تصویر کا ایک رخ ہے، دوسرے رخ میں ہمارے وہ اساتذہ بھی شامل ہیں جو صلاحیت مند نوواردین کو بھر پورموقع دیتے ہیں اورمختلف پلیٹ فارمس سے ان کی صلاحیتوں کو ابھارتے بھی رہتے ہیں اور تقرریوں میں ان کا بھر پور تعاون بھی کرتے ہیں۔ 

اس کے بعد ایک مرحلہ اور آتا ہے جہاں معاملات دو حصوں میں تقسیم ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ایک خادم ادب دوسرا محض خادم۔ دوسرا فرد کسی کا بھی خادم ہوسکتا ہے، خواہ وہ فرد کا خادم ہو یا ادارے کا، عارضی اور وقتی ہو یا دائمی۔ پہلا اپنی تمام تر محنتوں کے باوجود در بدر بھٹکتا رہتا ہے اور دوسرے کی قسمت بہت ہی جلد سنور جاتی ہے۔ یہ معاملہ ادب میں نئے داخل ہونے والوں کو بہت ہی زیادہ پریشان کررہا ہے۔ گزشتہ دنو ں بانگ درا کے سو سال مکمل ہونے پر اردو اکادمی دہلی نے ایک سہ روزہ قومی سمینار کا انعقاد کیا جس کے کنوینر پروفیسر معین الدین جینا بڑے تھے۔ اس سمینار کے کلمات تشکر میں انہوں نے ’دوسرے خادم‘ کے حوالے سے چند سخت کلمات کہے تھے جو اتفاق سے اخبارات میں اور ایوان اردو میں بھی شائع ہوئے وہ میں یہا ں ہو بہو نقل کرنا چاہتا ہوں۔’’سمینار میں مقالہ نگاران کی فہرست میں شمولیت کے حوالے سے سخت لہجے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتفاق سے چار روز قبل کسی صاحب کا ایک نوجوان کے حوالے سے فون آیا کہ آپ انہیں مقالہ نگاروں کی فہرست میں شامل کرلیں، میں نے انہیں فون پر ہی خفگی کا اظہار کیا کہ آپ نے اس حوالے سے فون کیسے کردیا،پھر اسی نوجوان کا فون آیا تو میں نے اسے بھی سختی سے منع کردیا، لیکن یہ معاملہ جاری رہا۔ اس کے بعد اس نوجوان نے ایک وزیر سے فون کروایا۔یہ رویہ بہت ہی تکلیف دہ ہے۔سارے اداروں اور یونیورسٹیز کو بھی اس جانب غور کرنے کی ضرورت ہے ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔‘‘(ایوان اردو، فروری2025) ایسی چیزیں عموماً تحریر کا حصہ نہیں بنتیں اس لیے وہ تاریخ کا بھی حصہ نہیں بن پاتی ہیں۔ پھر بعد والوں کو خبر ہی نہیں ہوتی کہ ادب میں کجروی لانے میں کس کی غلطی تھی اوراس کا ذمہ دار کون ہے۔ دیگر زبانوں کی طرح ابھی اردو کے حالات بد سے بدتر نہیں ہوئے ہیں۔ اس کے قارئین کی تعداد میں یقیناً کمی آئی ہے بالخصوص سندی طلبہ کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے لیکن اگر حالات فطری طور پر چل پڑیں اور عدل و مساوات کو اپنایا جائے تو انشاء اللہ نتیجہ ثمر آور ہوگا۔

Thursday, 6 March 2025

مٹتے ہوئے نقوش کے عمدہ نقاش شفیق رائے پوری

 مٹتے ہوئے نقوش کے عمدہ نقاش شفیق رائے پوری 

ڈاکٹر امیر حمزہ 

NCERT، اربندو مارگ ، نئی دہلی ۔۱۶


’’چھتیس گڑھ کے اردو مصنفین و شعرا ‘‘ کا مسودہ جب مصنف محترم شفیق رائے پوری کے واٹس ایپ کے ذریعہ مجھ تک پہنچا تو سرسری نظر میں مجھے بہت ہی زیادہ حیر ت ہوئی کہ جو کام ایک ادارہ کو کرنا چاہیے تھا وہ ذمہ داری شفیق رائے پوری صاحب نے خود اٹھائی اور بہت ہی درک و انہماک کے ساتھ اسے پایۂ تکمیل تک پہنچایا ۔ اس سے پہلے مصنف محتر م سے میری کوئی شناسائی نہیں تھی لیکن جب انہو ں نے اگلا  پیغام یہ بھیجا کہ آپ کو اس تحقیقی کاوش پر کچھ لکھنا ہے تو مجھے خیال آیا کہ میرے بارے میں کسی نے ضرور غلو سے کام لیا ہے ، ورنہ فی زمانہ بڑے بڑے دانشوروں سے ہی تحریریں لکھوائی جاتی ہیں ۔ خیر اپنے آپ کو اس ذمہ داری کے لیے تیار کیا اور ذہن نے جو کچھ ساتھ دیا وہ آپ کے سامنے ہے ۔

عنوان میں نقوش اور نقاش کے دو لفظ میں نے عمداً مصنف کی اس تحقیقی کا وش کو سامنے رکھتے ہوئے استعمال کیے ہیں ،اس کی وجہ یہ ہے کہ اب تک اس پر کوئی تفصیلی کام سامنے نہیں آیا تھا اور چھتیس گڑھ میں اردو شعرا و ادبا کا جو ایک لمبا سلسلہ رہا ہے وہ محض چند مقالوں میں مشاہیر کے ساتھ ہی ختم ہوا ہے ۔ وہاں کے اکثر شعرا جو شروع میں دبستان لکھنؤ کے شعرا کے شاگر دتھے جیسا کہ تفصیلی ذکر مصنف محتر م نے خود اس کتاب کے مقدمہ میں کیا ہے انہیں پردہ ٔخفا میں ہی رکھا گیا تھا ۔ اس کے بعد کے اکابرین زبان و ادب نے کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں جن کے سبب چھتیس گڑھ میں اٹھارہ سو ستاون کے بعد اردو کی نئی آبادیاں وجود میں آئیں انہیں بھی بھلا دیا گیا، ایسے میں ان مٹتے ہوئے نقوش کی جو بازیافت ہوئی ہے ان کے نقاش یقینا شفیق رائے پوری ہی ہیں ۔

اس اہم کام کو انجام دینے میں یقینا ایک طویل عرصہ لگا ہوگا۔ سب سے پہلے انہوں نے خود کو ذہنی طور پر تیار کیا ہوگا ، پھر آثار و اسانید کی تلاش میں لگ گئے ہوں گے ،اس درمیان انھیں ہزاروں نئی چیزوں کا علم ہوا ہوگا پھر ان سب میں سے چھانٹ پھٹک کر کار آمد چیزوں سے اپنی اس کتاب کو مزین کیا ہوگا۔ اس کے لیے یقینا قدیم ترین رسائل و جرائد کو کھنگالا ہوگا جس میں چھتیس گڑھ کے گمنام اور اوراق میں دفن شدہ قلم کاروں سے ملاقات ہوئی ہوگی پھر ان کے بارے میں مزید معلومات کے لیے ان کے وارثین تک پہنچے ہوں گے ، حالات بدلنے کے بعد وہاں سے بھی زیادہ تر خالی ہاتھ واپس آنا پڑا ہوگا ، پھر ان کی تحریروں کے سہارے ملے بہت سارے اشارات سے بات مکمل کرنی پڑی ہوگی ۔ مجھے علم ہے کہ تحقیق کے میدا ن میں ایک ایک لفظ کے حوالے کے لیے کئی کئی کتابوں کی روق گردانی کرنی پڑتی ہے ۔ 

 جب سے تذکرہ و تنقید کی کتابیں لکھی جارہی ہیں تبھی سے اردو ادب کی علاقائی خدمات پر مشتمل آثار نظر آنا شروع ہوجاتے ہیں۔ تذکروں میں دکن کی حالت بخوبی بیان کی گئی ہے پھر بعد میں لکھنؤسمیت دوسرے شہر وں کے شعرا بھی شامل ہونے لگے ۔ بعد میں جب تاریخ لکھی جانے لگی تب اس میں دبستانوں کے عناوین سے باضابطہ ابواب بندی کی جانے لگی ، اس سے وہاں کی لسانی اسلوبیاتی و شعری خصوصیات کو اجاگر کیا جانے لگا ، اس لیے آپ کو تاریخ کی تمام کتابوں میں دکن ، دہلی اور لکھنؤ مل جائیں گے ، بعد میں جب اس پر اضافہ ہوا تو رامپور ، عظیم آباد اور مرشدآباد کا اضافہ دیکھنے کو ملا ، لیکن پھر بھی اہم کتابوں میں دیگر شہروں کی ادبی فضا کوجگہ نہیں ملی تب ایک ضخیم ’’تاریخ ادب اردو‘‘ (گیان چند جین ، سیدہ جعفر) مرتب کرنے کی کوشش کی گئی تو اس میں شہروں کے اعتبار سے اردو زبان و ادب کی تاریخ کو محفوظ کیا گیا ۔ 

اردو زبان وادب کی ضخیم سے ضخیم اور مختصر سے مختصر کئی تاریخیں لکھی گئی ہیں، ہر ایک میں آپ کو ایک ہی نوعیت کی ترتیب ملے گی ۔قدیم اردو ، دکن کے سارے ادوار ، پھر دہلی ،لکھنؤ اس کے بعدتحریکات ، ایسے میں بہت سی ذیلی چیزیں چھوٹ جاتی ہیں ، یقینا سبھی کا احاطہ کسی کے یہاں بھی ممکن نہیں ہے ۔ البتہ جمیل جالبی نے اس جانب قدم اٹھا یا اور علاقائی سطح پر روہیل کھنڈ اور بندیل کھنڈ کا خصوصی ذکرکیا۔اس کے بعد تاریخ ادب اردو کا جو سلسلہ گیان چند جین اورسیدہ جعفر کے ذریعہ شروع ہوا اس میں بعد میں جاکر شہر کے پیمانہ پر تاریخ ادب اردو کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ آزادی کے بعد جب تحقیقی مقالات میں اضافہ ہوا تو علاقائی سطح پر اردو ادب کا بھی جائزہ لیا گیا ، شروع میں دبستانوں کی تاریخ کو یکجا کیا گیا پھر صوبائی سطح پر اس میں کام ہوا، اس کے بعد شہروں کی اردو  زبان و ادب کی خدمات پر کئی کتابیں منظر عام پر آئیں ۔ 

ابھی کے موجودہ منظر نامے میں صوبائی سطح پر اردو زبان و ادب کی بات کی جائے تو اردو ہندوستان کے کم وبیش تمام صوبوں میں بولی، سمجھی اور پڑ ھی جاتی ہے ۔ کچھ صوبے ایسے بھی ہیں جہاں ہر طبقہ کے لوگ اس زبان کو لکھتے اور پڑھتے ہیں۔ جنوبی ہند کے چند صوبے ایسے ہیں جہاں اردو پہلے تو مضبوط حالت میں تھی تاہم درمیان میں اس کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ اب جب تعلیم کے فروغ میں اضافہ ہوا ہے تو اردو کی تعلیم میں بھی اضافہ دیکھنے کوملا ہے تاہم جدید اسکولی تعلیم سے اردو کا بھا ری نقصان ہوا ہے ،لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ اب کیر ل جیسے صوبے میں بھی اردو کے طلبا نظر آنے لگے ہیں ۔ نارتھ ایسٹ میں کم ازکم ایک حلقہ کے افرا د تو اردو پڑھتے ہی ہیں ۔ہر یانہ ، ہماچل اورچھتیس گڑھ کی بات کی جائے توان تینوں صوبوں میں اردو کی یکساں صورت حال نظرآئے گی ۔ یہ اچانک ابھی کی بات نہیں ہے بلکہ شروع سے ہی ان علاقوں میں اردو کی نمائندگی کم رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں علاقائی ادب کی تاریخ نگاری پرنظرڈالی جائے تو ان علاقوں سے کوئی خاطر خواہ کام سامنے نہیں آتا ہے ۔ ایسے میں کچھ دنوں قبل تک چھتیس گڑھ کے بارے میں ہم نے سوچا بھی نہیں تھا ، کم ازکم ہمیں تو وہاں کی لسانی اور ادبی صور ت حا ل واضح نظرنہیں آتی تھی، لیکن اس کتاب کو دیکھنے کے بعد یہ بات سمجھ میں آرہی ہے کہ صوبہ چھتیس گڑھ کے غیر معروف شہروں میں بھی اردو زبان و ادب کی شمع روشن کرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ جناب شفیق رائے پوری نے ڈیڑھ سو ایسے قدیم و جدید ادبا، تخلیق کار اور ناقدین کو اس کتاب میں جمع کیا ہے جنہوں نے اپنی سطح پر اردو کا چراغ خوب روشن کیا ہے ۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ان میں سے اکثر کو باہر کی اردو دنیا نہیں جانتی ہے، لیکن ان میں سے دو نام ایسے بھی ہیں جنہیں اردو زبان و ادب کا جاننے والا ہر فرد جانتا ہے جن کا تعلق چھتیس گڑھ سے ہی تھا اور وہ تھے اختر حسین رائے پوری اور حبیب تنویر۔ اگرچہ ہم میں سے اکثر انہیں وہاں کی ادبی صورتحال کے نمائندہ ادیب کے طور پر نہیں دیکھتے پھر بھی بجا طور پر یہ کہہ سکتے ہیں کہ ان کی جڑیں چھتیس گڑھ سے تھیں تو وہاں کی ادبی صورتحال کس قدر پختہ تھی ۔

 پچھلے پانچ برسوں میں دو عمدہ کتابیں چھتیس گڑ ھ سے تعلق رکھنے والے جس مصنف و شاعر کی پڑھنے کو ملیں ا س کا نام حنیف نجمی تھا ، تنقید و تحقیق پر جو کتاب تھی یقینا وہ لاجواب تھی ، شاعری میں بھی انھوں نے عالمی سطح پر اپنی انفرادیت کی چھاپ چھوڑی ہے ، ان کی تحریروں میں کمال کی حد تک دانشوری اور تخلیق میں اعلیٰ درجے کی فنکاری نظر آئی تھی وہ بھی اس کتاب میں شامل ہیں۔ اسی طرح خورشید حیات جنہوں نے افسانوی ادب میں گہری چھاپ چھوڑی ہے، نئے طرز کے موجد ہوئے، نیا افسانوی بیانیہ تخلیق کیا ، ان کے بغیر افسانوی ادب کی کوئی بھی فہرست مکمل نہیں ہوگی وہ بھی اس کتاب میں جلوہ افروز ہیں۔ مثال پیش کرنے کی وجہ صرف یہ تھی کہ اردو کے لحاظ سے اس پسماندہ صوبہ سے بھی اعلیٰ درجہ کے ادیب و شاعر تعلق رکھتے ہیں ،لیکن افسوس اس وقت ہوتا ہے جب مرکزی دھارے میں ان کا شمار نہیں ہوتا ہے ۔ الغرض میں نے یہ بات کہنے کی کوشش کی ہے کہ ایسے کئی شعرا وادبا ہوں گے جنہیں شہرت تو دور کی بات ہے وہ صرف ایک مخصوص حلقے تک محدود ہوکر رہ جاتے ہیں ،ان کے لیے ایسی کتابیں آب حیات ثابت ہوتی ہیں جن میں ان کا اجمالی ذکر کر کے رہتی دنیا تک انہیں زندہ کردیا جاتا ہے ۔ 

’’چھتیس گڑھ کے اردو مصنفین و شعرا ‘‘ کو شفیق رائے پوری نے بہت ہی محنت و دیدہ ریزی کے ساتھ تیا ر کیا ہے ۔پہلے باب میں انہوں نے ان شعرا و ادبا کو شامل کیا ہے جنہوںنے اس علاقہ میں اردو کی پود لگائی اور ایک ثمر آور باغ تیار کیا۔ یقینا ان کا شمار متقدمین میں ہوتا ہے ، ان کا ذکر کہیں اور شاید و باید ہی نظر آتا ہے یہاں انہوں نے تحقیق کا اعلیٰ معیار پیش کرکے حتی الامکان چھتیس گڑھ کے سبھی ادبا و شعرا کو جمع کیا ہے ۔ اس فہرست میں وہ بھی شامل ہیں جن کے ادب کا ستارہ ابھی بھی جگمگا رہا ہے ۔ اس کے بعد پیشکش میں انہوںنے کئی درجہ بندی کی ہے جس میں یہ بھی ہے کہ جن ادبا کی پیدائش کہیں اور کی ہے لیکن چھتیس گڑھ میں سکونت کے دوران انہوںنے اردو زبان و ادب کی خوب خدمت کی ہے اس میں بھی دس سے زیادہ افراد شامل کتب ہیں ، ایسے میں یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ باہر سے جاکر وہاں عارضی قیام کرنے والوں نے وہا ں کی ادبی فضا میں کوئی خاص اثر نہیں چھوڑا ہے۔ تذکرہ و تاریخ نگاری میں اکثر ایسا بھی دیکھنے کو ملا ہے کہ مجہول الاحوال اشخاص کا ذکر ضمناً آگیا ہو تو اسی سے تحقیق کا راستہ آگے کو نکلتا ہے لیکن اس کتاب کے چوتھے باب میں مصنف محترم نے ان اشخاص کو شامل کیا ہے جن کے زیادہ احوال و کوائف نہیں مل سکے ۔ اس طریقے سے دیکھا جائے تو اس کتاب کو تحقیق و تدوین کے ساتھ تذکرہ نگاری کی عمدہ مثال میں شامل کیا جا سکتا ہے ۔

میں محتر م مصنف کا بہت ہی زیادہ ممنون و مشکور ہوں بلکہ اردو دنیا کو بھی ممنون و مشکور ہونا چاہیے کہ انہوں نے ایک ایسے علاقے کی کاوشوں کو منظر عام پر لادیا جن کے متعلق یا اس علاقے کے متعلق عموما لوگ سوچا نہیں کرتے، نہ وہاں سے کوئی ادبی خبر سامنے آتی ہے نہ ہی رسائل و جرائد میں بہت کچھ لکھا اور پڑھا جاتا ہے ، وہاں جس سطح پر بھی کام ہو رہا ہے وہ قابل ستائش ہے، وہاں کے مصنفین، ناقدین ،شعراو ادبا اردو لکھنے پڑھنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے اردو زبان وادب کی شمع کو روشن رکھا ہوا ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ چھتیس گڑھ میں ادب کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوگا اور اس کتاب سے روشنی حاصل کرتے ہوئے مزیدتحقیقی کام سامنے آئیں گے ۔


یائے مجہول: لفظ ، حرف یا علامت

 یائے مجہول: لفظ ، حرف یا علامت  ڈاکٹر امیر حمزہ جس طرح کوئی زبان اچانک وجود میں نہیں آتی ہے اسی طرح سے کسی بھی زبان کا رسم الخط بھی اچانک...