Thursday 23 April 2020

اسم ضمیر اور اس کی قسمیں

اسم ضمیر


 اسم ضمیروہ الفاظ ہوتے ہیںجو اسم کے مقام پر استعمال ہوتے ہیں جیسے ’ وہ ، میں ، اس ، مجھ اور تجھ ‘ وغیرہ ۔ اس شمارہ میں ہم اسم ضمیر کے 
تمام اقسام سے واقف ہوں گے ۔ 

اسم ضمیر کی پانچ قسمیں ہیں ۔
 ضمیر شخصی ، ضمیر اشارہ ، ضمیر موصولہ ، ضمیراستفہامیہ اور ضمیر تنکیر ۔

ضمیر شخصی: وہ ضمیر ہے جو صرف اشخاص کے لیے استعمال کی جاتی ہے ۔ ہم بات کر تے وقت اکثر نام نہ لیکر وہ، میں اور تو یا تم استعمال کرتے ہیں ۔ہم جانتے ہیں کہ مذکورہ لفظ صر ف انسانوں کے لیے ہی استعمال کر تے ہیں اسی لیے اس کو ضمیر شخصی کہتے ہیں ۔اس کی تین صورتیں ہیں ۔ 

پہلا: بات کر نے والاجسے متکلم کہتے ہیں ۔اس کے لیے میں اور ہم جیسے الفاظ استعمال کر تے ہیں ۔ متکلم کے ضمائر ’ میں ، ہم ، مجھے ، مجھکو ، ہمیں ہمکو، میرا ، ہمارا ، مجھ میں ،ہم میں ، مجھ سے اور ہم سے‘ ہیں 

دوسرا : جس سے بات کی جاتی ہے اسے مخاطب کہتے ہیں اس کے لیے تو اور تم جیسے الفاظ استعمال کر تے ہیں ۔ مخاطب کے ضمائر ’ تو ، تم ، تجھے ، تجھ کو ، تمہیں ، تم کو، تیرا ، تمہارا ، تجھ میں ، تم میں ، تجھ سے اور ہم سے ‘ ہیں ۔

تیسرا : جس کے بارے میں بات کی جاتی ہے اسے غائب کہتے ہیں ۔اس کے لیے وہ اور ان جیسے لفظ استعمال کر تے ہیں ۔ غائب کے ضمائر ’ وہ ، اسے ، اس کو ، ان ، انہیں ، اس کا ، ان کا ، اس میں ، ان میں، اس سے اور ان سے ‘ہیں ۔

ضمیر اشارہ :  عموما ًگفتگو میں کسی چیز کی جانب خواہ وہ نزدیک ہو یا دور اس کے لیے جو لفظ استعمال کیا جاتا ہے اس کو ضمیر اشارہ کہتے ہیں۔ مثلا یہ قلم وہ کتاب وغیرہ ۔ ایسا اور جیسا جیسے لفظ بھی ضمیر اشارہ کے دائرے میں آتے ہیں ۔

ضمیر موصولہ :  وہ لفظ جو کسی اسم کے بجائے استعمال کیا جائے ، مگر اس کے ساتھ ہمیشہ ایک جملہ آتا ہے جس میں اس اسم کا بیان ہوتا ہے جیسے وہ آدمی جو آیا تھا وہ پھر کل آئے گا ۔وہ کہانی جو فاطمہ نے لکھی تھی بہت اچھی تھی ۔ ان دونوں مثالوں میں ایک لفظ ’ جو ‘ استعمال ہواہے ۔ یہی ضمیر موصولہ ہے ۔ضمیر موصولہ ’ جو ‘ کے علاوہ کوئی دوسرا لفظ نہیں ہوتا ۔
ضمیر استفہامیہ : جو ضمیر سوال کر نے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اسے ضمیر استفہامیہ کہتے ہیں ۔یہ صر ف دو لفظ ’ کو ن اور کیا ‘ ہیں ۔ کون کا استعمال جاندار کے لیے اور کیا کا استعمال بے جان چیزوں کے لیے ہوتا ہے ۔ جیسے دروازے پر کون ہے ، تم کیا بننا چاہتے ہو وغیرہ ۔ 

ضمیر تنکیر : وہ ضمیر جو کسی غیر معین چیز یا شخص کے لیے استعمال ہو۔ جیسے مصیبت میں کب کوئی کسی کا ساتھ دیتا ہے ۔ کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے ، کوئی نہیں بولتا ۔ کچھ نہ کہو وغیرہ ۔ان مثالوں میں کوئی اور کچھ صفت تنکیر ی کے طور پر استعمال ہوتے ہیں ۔ کوئی اشخاص اور اشیا دونوں کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔جیسے کوئی نہیں ہے ۔ کوئی کچھ بھی بولتا ہے ، تم کون سی کتاب لوگے ، کوئی سی بھی دے دو ۔

کچھ اشخاص کے لیے استعمال ہوتا ہے لیکن ہمیشہ جمع کی حالت میں جیسے وہاں کچھ لوگ کھڑے تھے تو کچھ بیٹھے تھے ۔ اگر کوئی کے بعد ’ کے ، کی ، سے یا نے ‘ جیسے لفظ آ جائیں تو کوئی کسی سے بدل جاتا ہے جیسے کسی کے آنے کی آہٹ ہے ، کسی کی آواز آرہی ہے ، کس سے لیا، کس نے بلا یا ہے۔


 #ضمیرشخصی
#ضمیراشارہ
#ضمیرموصولہ
#ضمیراستفہامیہ
#ضمیرتنکیر 

No comments:

Post a Comment

’’ دیکھنا یہ ہے چراغوں کا سفر کتنا ہے ‘‘

’’ دیکھنا یہ ہے چراغوں کا سفر کتنا ہے ‘‘  نئے پرانے چراغ پر اجمالی رپورٹ  ڈاکٹر امیر حمزہ      شعر و ادب سے دلچسپی رکھنے والا کوئی بھی فرد ا...