Sunday 28 October 2018

نقد و آہنگ

"نقد و آہنگ" بزم آہنگ کی پہلی اہم تنقیدی پیشکش.

اکیسویں صدی کا اٹھارہواں برس ہے. دنیا مکمل طور پر برق رفتاری سے مرعوب ہے. قلم کاروں میں بھی بلا کی تیزی دیکھی جارہی ہے. جس کے قلم کی رفتار جتنی تیز ہے وہ اپنی تحریروں کے لیے اتنی ہی اسپیس تلاش کر رہا ہے. ڈیجیٹل دنیا میں یہ بہت ہی آسانی اور چاپلوسی سے حاصل کی جارہی ہے. قلم کار مزید بڑا بننے کے لیے کسی بھی درجے کی میگزین نکالنے کی جانب گامزن ہے اور مدیر کے عہدے پر فائز ہوجانا چاہتا ہے. ان تمام تیز رفتاریوں کے باوجود بزم آہنگ نے اکیسویں صدی کے پندرہویں برس میں سفر کا آغاز کیا اور اپنے سفر میں بے آہنگی نہیں آنے دی. جامعہ کے ہرے لان اور لال پتھروں کے درمیان خود کو نئے آہنگ میں بزم نے ڈھالا اور فروری 2017 میں پہلا قومی سیمینار جدیدیت کے موضوع پر منعقد کیا اور آگے کی جانب بزم نے اپنا قدم بڑھایا اور ایک سال بعد 17 مارچ 2018 کو اپنا دوسرا قومی سیمینار "اکیسویں صدی میں فکشن" پر منعقد کیا. اس موقع پر اپنے مخصوص رفتار و آہنگ کے ساتھ چلنے والی بزم آہنگ نے اس وقت بہت متحیر کیا جب سال گزشتہ کے سیمینار و بزم کی دیگر مجالس میں پڑھے گئے مقالات کا کتابی شکل میں رسم اجرا ہوا. (نقد و آہنگ. 264 صفحات)
اجلاس میں کتاب پر کسی نے گفتگو نہیں کی تو سوچا خود ہی اس کتاب سے ہم آہنگ ہوجاؤں اور اس میں آپ تمام کو شریک کرلوں.
اس کتاب کے مرتبین زاہد ندیم احسن اور صدف پرویز  ہیں. اول کا "پیش لفظ" اور دوسرے کا "میرے بول" ہے. پروفیسر کوثر مظہری کا ایک طویل مضمون "جدیدیت اور مابعد جدیدیت :تعبیر و ترسیل" کو اس کتاب کا مقدمہ کہا جائے تو بے جا نہیں ہوگا گرچہ یہ اہم مضمون موصوف کی اہم کتاب "جوازونقد" میں بھی مقدمہ کے عہدہ پر رونق افروز ہے. مقدمہ سے دلچسپ اسٹیٹمنٹ دیکھیں" اس عہد کی شاعری وہ سماج وہ زندگی اور وہ فن پھر زندہ ہوگیا ہےجو ترقی پسندوں اور جدیدیت کے درمیان سینڈوچ کی طرح دب کر رہ گیا تھا. آج کا ادبی منظر نامہ سماج اور افراد کی صحیح تفہیم کا اشاریہ بھی ہے اور جمال فن کا نمونہ بھی."
اس کے بعد ڈاکٹر نسیم احمد نسیم کا مضمون" جدیدیت اور مابعد جدیدیت : چند باتیں" اور ڈاکٹر ندیم احمد کا مضمون" تصورات و تحریکات" ہیں جنہیں ضمنی مقدمہ کے طور پر آپ سمجھ سکتے ہیں. اول کے مضمون سے مختصر اقتباس" آج کے فنکار کو نہ مابعد جدیدیت کے فکری مخاطبے سے مطلب ہے اور نہ اس سے مکمل آگاہی ہے. وہ اس پر اسرار مابعد جدید تھیوری کو سمجھنے کے لیے تیار نہیں. انہیں نہ جشن جاریہ کی خبر ہے نہ مہابانیہ کی اور نہ ہی تکثیریت کی، نہ دریدا کو ہی جانتے اور نہ وہاب حسن کو." دوم کے مضمون سے بھی ایک اقتباس دیکھیں " جدیدیت میں مواد اور ہیئت ایک اکائی کا نام ہے. اسی طرح جدیدیت نے مصنف کی ذات کو تو اہمیت دی لیکن مصنف کی ان ترجیحات کو کوئی مقام نہیں دیا جن کا تعلق ادیب کے سیاسی، سماجی اور اخلاقی نظریے سے ہوتا ہے." اس کے بعد ریسرچ اسکالروں کے مضامین و مقالات کو دو باب میں تقسیم کیا گیا ہے. پہلے باب میں وہ مقالات ہیں جو بزم آہنگ کے پہلے قومی سیمینار میں پیش کیے گئے تھے جن کی تعداد دس ہے. دوسرے باب میں بھی دس مضامین و مقالات ہیں یہ وہ اہم تنقیدی نگارشات ہیں جو بزم آہنگ کی مختلف نشستوں میں پیش کی گئی ہیں.
پہلے باب میں پہلا مضمون زاہد ندیم احسن کا "اردو افسانہ جدیدیت کے تناظر میں" ہے. جس میں انہوں نے سریندر پرکاش، انور سجاد اورانتظارحسین کی افسانوی فکر پر مختصر کلام کیا ہے. امیر حمزہ کے مضمون "رباعی کا فن اور جدیدیت کے اثرات" میں موصوف نے فن پر تفصیلی گفتگو کے بعد صرف تین رباعی نگار( فرید پربتی. اکرم نقاش، عادل حیات) کی رباعیوں میں جدیدیت کو تلاش کرنے کی کوشش کی ہے. ضیاءاللہ انور کے مضمون "مابعد جدید ڈسکورس اور اردو کا لوک ادب:ایک وضاحتی بیانیہ (لوک گیتوں کے حوالے سے)" ایک جملہ ملاحظہ ہو" لوک ادب کا حوالہ ما بعد جدید ڈسکورس سے اس اعتبار سے بھی منسلک ہوتا ہے کہ اس میں علم بشریات اور علم صنمیات کے ڈسکورس بھی شامل ہیں. "
رضی شہاب کا مضمون" افسانے کی حمایت میں :شور برپا ہے خانہ دل میں" شمس الرحمن فاروقی کی کتاب "افسانے کی حمایت میں" کا تنقیدی اور تجزیاتی مطالعہ ہے.
محمد حسین کا خوبصورت مضمون" اردو نظم: جدیدیت کے تناظر میں " ہے. اس مضمون میں نظموں میں جدیدیت کے رجحانات کو سمونے کی کوشش کی ہے.
"جدید افسانہ اور سریندر پرکاش " رخسار پروین کا مضمون ہے. موصوفہ لکھتی ہیں "انہوں نے اپنے افسانوں میں بیانیہ حقیقت کے بجائے زبان و بیان کی داخلیت سے کام لیکر ابہام اور پیچیدگی کے ذریعہ کہانی میں ایک نیا انداز پیدا کیا ہے. ان کے یہاں علامت، تمثیل، تجرید و استعارہ سے کہیں زیادہ اسلوب، انداز بیان اور طرز نگارشات کی کارفرمائی ملتی ہے. "
اسما نے اپنے مضمون" نادید مابعد جدیدیت کے تناظر میں " جوگندر پال کے ناول نادید کو ایکسپلور کرنے کی مابعد جدیدیت سے صرف نظر کرتے ہوئے اچھی کوشش کی ہے.
" جدید اور مابعد جدید غزل تنقید:ایک مطالعہ " محمد ریحان کے اس مضمون میں جدید غزل سے متعلق متنوع گفتگو کی گئی ہے اور ساتھ ہی ان کی تنقید پر بھی گفتگو ہے.
" مابعد جدیدیت : مسائل و امکانات" نصرت پروین کے اس مضمون سے اتفاق کریں یا نہ کریں لیکن انہوں نے اکیسویں صدی کے دوسرے دہے کے آخری برسوں میں بھی مابعد جدیدیت کے مسائل کے ساتھ امکانات کی تلاش کی ہے.
اس باب کا آخری مضمون ندیم سحر عنبرین کا ادب سے پرے اسلامیات سے ہے. جس میں برصغیر کی خواتین مفسرین کا جائزہ لیا گیا ہے.
دوسرے باب کا پہلا مضمون نوشاد منظر کا "افسانہ تنقیدکے ابتدائی نقوش" ہے. اس میں انہوں نے افسانہ کے چھ اولین ناقدین کے حوالے سے گفتگو کی ہے. دوسرا مضمون محمد تحسین زمان کا یحیی منیری کی اخلاقی تعلیمات پر ہے. امتیاز احمد علیمی کا مضمون قرۃالعین حیدر کے ناولوں کے تہذیبی شناخت نامہ پر ہے. اس مضمون میں تہذیبی شناخت نامہ سے زیادہ فنی شناخت نامہ پر گفتگو ہے.
شاہنواز حیدر شمسی کامضمون خلیل الرحمٰن اعظمی کی شاعری پر ہے جس میں انہوں نے ان کی شاعری پر سرسری جائزہ پیش کیا ہے. لکھتے ہیں "ان کی شاعری احساسات کی شاعری ہے. انسان کے ٹوٹنے بکھرنے اور انتشار کی داستان ہے، اخلاقی زوال قدروں کے کھوکھلے پن دہشت و بربریت کی کہانی ہے."
"سید عابد علی عابد کی غزل گوئی" ثمرین کا مضمون ہے. ثمرین لکھتی ہیں "عابد علی عابد کا تعلق شعرا کے ایسے طبقہ سے ہے جن کے کلام میں سوزوساز دونوں شامل ہیں ان کا کلام شعریت اور تغزل سے معمور ہے ............ موسیقیت، ترنم اور نغمہ کی جمالیاتی صفات کا ظہور ان کے کلام میں بخوبی پایا جاتا ہے. "
"اردو کی خواتین ناول نگار اور تانیثی ڈسکورس" میں درخشاں نے خواتین کے اہم ناولوں کے اہم کرداروں میں تانیثی ڈسکورس کی کوشش کی ہے." قرۃالعین نے شاہد انور کے ڈراموں پر بہت ہی جامع گفتگو کی ہے. عرفان احمد کا مضمون "نشیب :ایک تجزیہ". کنیز فاطمہ کا مضمون "شفیق الرحمن کی انفرادیت" تجزیاتی و تاثراتی اوصاف کے حامل مضامین ہیں. کتاب کا آخری مضمون" مختصر تاریخ ادب اردو کے چند معروضات" ایک دلچسپ مضمون ہے جس میں گیان چند جین کے معروضات کو پیش کیا گیا ہے.
نئے قلم کاروں کی بزم"بزم آہنگ"کو مبارکباد کہ ہم آہنگ ہوکر نئی پیڑھی کے لیے چراغ راہ بن رہی ہے.

امیر حمزہ

No comments:

Post a Comment

’’ دیکھنا یہ ہے چراغوں کا سفر کتنا ہے ‘‘

’’ دیکھنا یہ ہے چراغوں کا سفر کتنا ہے ‘‘  نئے پرانے چراغ پر اجمالی رپورٹ  ڈاکٹر امیر حمزہ      شعر و ادب سے دلچسپی رکھنے والا کوئی بھی فرد ا...